راولپنڈی:
نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے پوسٹ گریجویٹ کالج آف نرسنگ حیات آباد کی ایک طالبہ کی شکایت پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے خود کو ایف آئی اے کے اہلکار ظاہر کرکے بلیک میلنگ میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان این سی سی آئی اے کے مطابق خود کو ایف آئی اے کا اہلکار ظاہر کرکے کالج پرنسپل کو دھوکا دینے والے تین ملزمان کو بے نقاب کیا گیا، موبائل فون کالج کی پرنسپل نے ہی طالبہ کی مرضی کے بغیر غیر قانونی طور پر چھین لیا اور ایف آئی اے کے تین جعلی اہلکاروں کو دے دیا گیا۔
گرفتار ملزمان کی شناخت حماد خان، محمد حسنین اور فواد حسین کے نام سے ہوئی ہے۔ تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزمان نے طالبہ کے موبائل فون کے ڈیٹا تک غیر قانونی رسائی حاصل کی، ملزمان نے طالبہ کی پرائیویٹ اور قابل اعتراض تصاویر کھینچیں اور اسے بلیک میل کیا۔
این سی سی آئی اے کے مطابق ملزمان نے طالبہ کے ای میل اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس تک رسائی کی کوششیں بھی کیں جبکہ وہ قابل اعتراض مواد واٹس ایپ کے ذریعے ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کرتے رہے۔ تفتیش میں یہ بھی سامنے آیا کہ ملزمان جعلی ایف آئی اے وردی پہن کر خود کو قانون نافذ کرنے والے ادارے کا اہلکار ظاہر کرتے تھے۔
کارروائی کے دوران ملزمان کے موبائل فونز سے اہم ڈیجیٹل اور شواہد برآمد کر لیے گئے ہیں۔ ترجمان کے مطابق تینوں ملزمان نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کر لیا جبکہ مزید تحقیقات کا عمل جاری ہے۔