عمران خان مجھے کیوں نہیں بچایا کی تحریک چلا رہا ہے، بلاول بھٹو

ویب ڈیسک  اتوار 15 مئ 2022
بلاول بھٹو

بلاول بھٹو

 کراچی: وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان مجھے کیوں نہیں بچایا کی تحریک چلا رہا ہے اور کوشش کررہا ہے کہ اُسے غیر آئینی اقدام سے بچالیا جائے۔

کراچی ایئرپورٹ کے اولڈ ٹرمینل پر  پی پی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم نے غیرجمہوری لوگوں کے خلاف تحریک چلا کر کامیابی حاصل کی، مشرف کے بعد اب عمران خان کے خلاف تحریک کو جیالوں نے کامیاب بنایا، جس پر وہ مبارک باد کے مستحق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان عدلیہ اور اداروں پر حملے کر رہا ہے،  عمران خان مجھے کیوں نہیں بچایا کی تحریک چلا رہا ہے اور آئینی و قانونی دائرے میں رہنے کے بجائے جمہوریت پر حملے کر رہا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ملک میں زراعت، پانی اور معیشت کا بحران ہے، جس کی وجہ عمران خان ہے، پیپلزپارٹی روزِ اول سے پاکستان میں پانی کی سیاست کے خلاف ہے کیونکہ یہ کسی جماعت کا نہیں بلکہ سارے صوبوں کا مسئلہ ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ آج ہمارے سر سبز علاقے پانی بحران کیوجہ سے خشک سالی اور ریگستانوں میں تبدیل ہورہے ہیں، یہ نقصان کسی صوبے کا نہیں بلکہ وفاق کا ہے، بلوچستان اور ڈیرہ بگٹی میں بھی پانی کا بحران ہے وہاں کے عوام گندا پانی پی کر بیمار ہورہے ہیں، چولستان کی تصاویر بھی سامنے آئیں جس میں پانی کی قلت کی وجہ سے جانور مر گئے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں پانی بحران کی وجہ سے کپاس کی فصل خراب ہورہی ہے، اگر کسان فصل کے لیے پانی کا انتظام کرتے ہیں تو پینے کا پانی بھی دستیاب نہیں ہے، کراچی میں بھی پانی کا بحران بڑھ رہا ہے۔

بلاول کا کہنا تھا کہ ’ہمیں امید ہے کہ موجود حکومت کے فور منصوبے سمیت دیگر پانی کے منصوبوں پر کام کرے گی اور ماضی کی طرح اس سنجیدہ مسئلے کو نظر انداز نہیں کرے گی‘۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔