وزیراعظم نے لوڈ شیڈنگ میں کمی کا پلان 24گھنٹے میں طلب کر لیا مریم اورنگزیب
توانائی، پٹرولیم اور خزانے کے وزیروں کی کمیٹی کو وزیراعظم نے قابل عمل پلان پیش کرنے کا حکم دیا ہے، وفاقی وزیر اطلاعات
کراچی:
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے لوڈ شیڈنگ میں کمی کا پلان 24گھنٹے میں طلب کر لیا۔
وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ توانائی، پٹرولیم اور خزانے کے وزیروں کی کمیٹی کو وزیراعظم نے قابل عمل پلان پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ میں بتدریج کمی کے پلان پر موثر عملدرآمد کرائیں گے، وزیراعظم کی زیر صدارت 5 گھنٹے طویل جاری رہنے والے اجلاس میں تمام صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ملک میں توانائی کی مجموعی صورتحال پر وزیراعظم کو تفصیل سے آگاہ کیا گیا، صنعت اور گھریلو صارفین کو بجلی کی فراہمی میں حائل رکاوٹوں پر بریفنگ دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے متعلقہ وزرا کو صنعت اور گھریلو صارفین کو بجلی کی فراہمی میں توازن لانے کی ہدایت کی ہے، وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ایسا پلان بنائیں جس سے عوام کو لوڈشیڈنگ میں کمی خود محسوس ہو۔