پی پی اور بی اے پی کا بلوچستان کے حقوق کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق
بلوچستان کے لیے پہلے بھی عملی اقدامات کیے اور آئندہ بھی جاری رہیں گے، جلد بلوچستان کا دورہ کروں گا، آصف زرداری
کراچی:
پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اور بی اے پی کے رہنما خالد مگسی کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں بلوچستان کے حقوق کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جانے پر اتفاق کیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری کی بی اے پی (بلوچستان عوامی پارٹی) کے قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر خالد مگسی سے ملاقات ہوئی جس میں بلوچستان کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان سینیٹ اور بلوچستان اسمبلی کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ آئندہ بھی تمام قومی اور صوبائی سیاسی معاملات پر فیصلے مشاورت سے کریں گے۔
پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری نے کہا کہ بلوچستان کے حقوق کے لیے پہلے بھی عملی اقدامات کیے اور آئندہ بھی جاری رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ جلد بلوچستان کا دورہ کریں گے۔