آرمی چیف نے کہا سیاست میں ملوث نہیں ہوں گے، آئی بی سربراہ غور کریں، فواد چودھری

ویب ڈیسک  جمعرات 7 جولائی 2022
حکومت جس طرح بھارت کی خوشنودی میں لگی ہوئی ہے ہم اس کی مذمت کرتے ہیں (فوٹو فائل)

حکومت جس طرح بھارت کی خوشنودی میں لگی ہوئی ہے ہم اس کی مذمت کرتے ہیں (فوٹو فائل)

 اسلام آباد: تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر فواد چودھری نے کہا ہے کہ آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کے ادارے سیاست میں ملوث نہیں ہوں گے، آئی بی کے سربراہ اپنے ادارے پر ذرا غور کریں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ بلاول جیسا انڈر ٹریننگ وزیر خارجہ لگا دیا گیا ہے۔ موجودہ حکومت جس طرح بھارت کی خوشنودی میں لگی ہوئی ہے ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔ عمران ریاض کو مختلف عدالتوں میں پیش کیا گیا تو ہر جج یہی کہتا رہا ہے یہ میرا کیس نہیں۔ عمران ریاض جلد رہا ہوں گے۔ ایک ہی آدمی پر ایک ہی الزام پر 50،50 کیسز بنائے گئے ہیں ۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ سیکرٹری کیبنٹ کو خط لکھا ہے جس میں کہا ہے کہ سگریٹ کی صنعت میں مراعات کی میٹنگ میں مریم اورنگزیب کیوں بیٹھتی ہیں؟ مریم اورنگزیب نے اپنے شوہر کے بزنس کے لیے سگریٹ کی انڈسٹری کو مراعات دیں۔ اس حوالے سے ہم مریم اورنگزیب کے خلاف ریفرنس دائر کریں گے۔ مریم اورنگزیب کے شوہر عالی ترین اس حوالے سے وضاحت پیش کریں۔

پنجاب میں وزیر اعلیٰ کے انتخاب سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبائی اسمبلی میں ہمارے 5 ارکان کا اضافہ ہوگیا ہے۔ ہماری ق لیگ کے ساتھ مل کر تعداد 173 بنتی ہے جب کہ ن اور پیپلز کے کل ارکان 172 بنتے ہیں ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ حمزہ شہباز کی حکومت چند دن کی مہمان ہے۔ 22 تاریخ کو پنجاب میں پی ٹی آئی کی حکومت ہوگی۔ پنجاب میں پی ٹی آئی کا مقابلہ آزاد امیدواروں سے ہوگا۔ سب سے زیادہ نشستیں پی ٹی آئی، پھر آزاد اور سب سے کم ن لیگ حاصل کرے گی۔

فواد چودھری نے کہا کہ آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کے ادارے سیاست میں ملوث نہیں ہوں گے۔ آئی بی کے سربراہ اپنے ادارے پر ذرا غور کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔