کراچی میں کم وقت میں زیادہ بارش سے نظام متاثر ہوا وزیراعلیٰ سندھ

انتخابات قریب آتے دیکھ کر مخالفین زہر اگل رہے ہیں، مراد علی شاہ کی پریس کانفرنس


ویب ڈیسک July 13, 2022
کراچی میں 3گھنٹوں میں 127ملی میٹر بارش ہوئی، مراد علی شاہ (فوٹو فائل)

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی میں گزشتہ دنوں شدید بارش اور اس کے بعد کی صورت حال پر کہا ہے کہ کم وقت میں زیادہ بارش ہونے کی وجہ سے نظام متاثر ہوا ہے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی میں 3گھنٹوں میں 127ملی میٹر بارش ہوئی۔ کم وقت میں زیادہ بارش ہونے سے نظام متاثر ہوا۔ اس سے پہلے2020میں بہت زیادہ بارشیں ہوئی تھیں۔مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ جس دن بارش ہوئی اس دن الائشیں اٹھانے میں بڑی مشکلات پیش آئیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ عید کے دن شہر میں کوئی پانی نہیں تھا۔عید کے روز شام سے اگلے دن تک شدید بارش ہوئی، جس کی وجہ سے بہت زیادہ پانی تھا۔ موسم میں تبدیلی کی وجہ سے زیادہ بارشیں ہو رہی ہیں۔ ضلع جنوبی میں ایک دن میں132ملی میٹر بارش ہوئی۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کہا گیا کہ سارے افسران عید پر گھروں کو چلے گئے جب کہ ایڈمنسٹریٹر ،کمشنر سمیت تمام افسران کراچی ہی میں موجود تھے۔ اپوزیشن جماعتوں کی تنقید پر مراد علی شاہ نے کہا کہ الیکشن کے نزدیک دوسروں کو گندا کرنے کے لیے یہ اس طرح کرتے ہیں۔ اب یہی لوگ بیٹھ کر زہر اگل رہے ہیں۔

سابق حکمراں جماعت پر تنقید کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی خود کو بہت بڑی جماعت کہتی ہے، لیکن وہ ہے نہیں۔ جو ساڑھے3سال وزیراعظم رہے، انہوں نے ایک دن بھی کراچی میں نہیں گزارا۔ توشہ خانے سے چوری تم کرو اور چور ہم؟۔ چینی ،آٹا تم چوری کروا ور چور ہم؟۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ کل صبح تک پانی صاف تھا۔ پوری سندھ حکومت عید کے پہلے دن سے سڑکوں پر ہے۔ برسات کا ایک اور اسپیل کل سے آنا ہے، اس کے لیے ہم نے نالوں کی ابھی سے صفائی کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2007میں بارشوں کے دوران228 افراد جاں بحق ہوئے تھے ۔ 2009میں بارش کے دوران 50 افراد جاں بحق ہوئے ۔

ذرائع ابلاغ سے متعلق بات کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ میڈیا وہ بات نہ کرے، جس سے انتشار پھیل جائے۔ میڈیا کو چاہیے کہ حقیقت کو سامنے لائے۔

تجاوزات اور نالوں کے اوپر تعمیرات سے متعلق پریس کانفرنس میں وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ کی بلڈنگ نالے کے اوپر بنی ہے۔ کیا یہ عمارت 10،5یا 20سال پہلے بنی تھی؟۔ سپریم کورٹ کی پارکنگ نالے پر میں نے بنائی ہے؟۔ نالوں کے اوپر دکانیں بنی ہوئی ہیں وہ کیا میں نے بنائی ہیں؟۔ کیا ان دکانوں کو یا جو تعمیرات ہوئی ہے ان سب کو گرادوں؟

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں