کراچی؛ سسر نے فائرنگ کرکے داماد کو قتل کردیا

ویب ڈیسک  پير 18 جولائی 2022
مقتول نے ڈیڑھ ماہ قبل پسند کی شادی کی تھی (فوٹو فائل)

مقتول نے ڈیڑھ ماہ قبل پسند کی شادی کی تھی (فوٹو فائل)

 کراچی: لیاری تیسر ٹاؤن میں سسر نے داماد کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور فرار ہوگیا ۔ مقتول نے ڈیڑھ ماہ قبل پسند کی شادی کی تھی ۔

پولیس کے مطابق لیاری تیسر ٹاؤن سیکٹر36 مرحبا ہوٹل کے قریب گھر میں فائرنگ ایک شخص جاں بحق ہوگیا ۔مقتول کی شناخت 30 سالہ محمد ندیم ولد عبد العزیز بنگالی کے نام سے ہوئی، جس نے ڈیڑہ ماہ قبل عالیہ نامی لڑکی سے پسند کی شادی کرلی تھی۔

شادی کے بعد میاں بیوی شیر شاہ میں کرائے کے گھر میں منتقل ہوگئے تھے۔گزشتہ روز مقتول محمد ندیم کے سسر شیرباز نے فون کر کے اپنے گھر آنے کی دعوت دی اور کہا کہ اُسے یہ شادی قبول ہے۔ ندیم اپنی اہلیہ عالیہ کے ہمراہ سسر کے گھر پہنچا تو سسر شیر باز نے فائرنگ کر کے داماد کو ہلاک کیا اور فرار ہوگیا ۔ پولیس نے ملزم کی تلاش شروع کردی ہے۔

علاوہ ازیں سخی حسن کے قریب موٹرسائیکل سوار ملزمان سینئر فوٹو جرنلسٹ سے قیمتی موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے ۔ شاہراہ نورجہاں کے علاقے سخی حسن کے قریب بارش کے دوران دو 125 موٹرسائیکلوں پر سوار 4 مسلح ملزمان سیدحامد حسین کا موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے ۔واقعے کی اطلاع پولیس کو کردی گئی ہے۔

دریں اثنا لیاری کے علاقے بغدادی میں بینظیر بیکری کے قریب بجلی کا کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا ۔ متوفی کی شناخت 25 سالہ سلیم بلوچ ولد غلام حسین کے نام سے کی گئی۔ علاوہ ازیں تیموریہ کے علاقے اقبال گارڈن سیکٹر 15/A-4 روٹ نمبر 7/C بس اسٹاپ کے قریب کرنٹ لگنے سے ایک شخص زخمی ہوگیا ، جس کی شناخت 60 سالہ نوید ولد مسعود کے نام سے ہوئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔