کراچی؛ مختلف حادثات و واقعات میں 3 افراد ہلاک، 9 زخمی

اسٹاف رپورٹر  بدھ 27 جولائی 2022
ڈیفنس میں کار سوار مچھلی فروش فائرنگ سے قتل کردیا گیا (فوٹو فائل)

ڈیفنس میں کار سوار مچھلی فروش فائرنگ سے قتل کردیا گیا (فوٹو فائل)

 کراچی: شہر قائد میں گزشتہ روز اور منگل و بدھ کی درمیانی شب مختلف حادثات و واقعات میں 4 افراد ہلاک اور 8 زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق بہادر آباد کے علاقے میں فلیٹ سے رضوان سوریا ولد مصطفی سوریا کی گلا کٹی لاش ملی، جس کی عمر تقریباً 42 برس تھی۔ مقتول ٹائروں کے کام سے وابستہ، چار بچوں کا باپ اور واقعے کے وقت گھر میں اکیلا تھا۔

ڈیفنس میں موٹرسائیکل سوار ملزمان نے خاتون کے ہمراہ کارمیں موجود مچھلی فروش کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ خاتون کے مطابق گولی لوٹ مار کے دوران ماری گئی جب کہ  دیگر واقعات میں فائرنگ اور تیز دھارآلے کے وار سے 3 افراد زخمی ہوگئے۔ درخشاں کے علاقے ڈیفنس خیابان اتحاد میں موٹرسائیکل سوار 2 ملزمان نے کار نمبر اے وائی وے 956 پر فائرنگ کرکے 42 سالہ رفیق ولد علی احمد کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔

پولیس حکام کے مطابق مقتول ڈاکس کے علاقے مچھر کالونی کا رہائشی اور مچھلی کی فروخت کا کام کرتا ہے۔ قتل کے وقت اپنے ایک دوست کے ہمراہ 2 خواتین کے ساتھ موجود تھا۔ کار میں موجود خاتون نے پولیس کو ابتدائی بیان میں بتایا کہ مقتول کار میں میرے ساتھ بیٹھا تھا جبکہ اس کا دوسرا دوست خاتون کے ساتھ کار سے  باہر تھا۔ اس دوران موٹرسائیکل سوار 2 ملزمان نے رفیق سے لوٹ مار کی کوشش کی اور مزاحمت کرنے پر ایک ملزم نے فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے۔ مقتول کو منہ پر گولی لگی۔

ابتدائی معلومات کے مطابق مقتول نے 2 شادیاں کررکھی تھیں۔ عینی شاہدین میں سے کسی نے بھی ملزمان کو لوٹ مار کرتے ہوئے دیکھا اور نہ ہی گولی کی آواز سنی۔ دریں اثنا ڈیفنس فیز 6 مصری شاہ مزار سگنل کے قریب نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 45 محمد مٹھو زخمی ہوگیا۔ اُدھر منگھوپیر کے علاقے غازی گوٹھ میں آپسی جھگڑے کے دوران تیز دھارآلے کے وار سے 2 افراد زخمی ہوگئے، جن کی شناخت 30 سالہ سیف اللہ ولد شاہ معراج اور 35 سالہ سیف الرحمان ولد ولی خان کے نام سے ہوئی ہے۔

دوسری جانب کورنگی میں چمڑا چورنگی پر قائم فیکٹری کے اندر لفٹ گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا منگل اور بدھ کی درمیانی شب پیش آنے والے واقعے میں مرنے والے کی شناخت 25 سالہ ایلجی ولد دیالو کے نام سے کی گئی۔ متوفی کا آبائی تعلق اندرون سندھ سے تھا ۔

شاہ فیصل کالونی میں گھر کے اندر چھت کا پلاسٹر گرنے سے ماں اور 4 بچے زخمی ہوگئے، جن میں سے 6 ماہ کی بچی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔منگل اور بدھ کی درمیانی شب گولڈن ٹاؤن میں پیش آنے والے حادثے میں زخمی ہونے والوں میں 26 سالہ حاجرہ زوجہ کاشف ، اس کی بیٹی 7 سالہ علینہ ، 5 سالہ مومل ، 2 سالہ عبداللہ اور 6 ماہ کی فاطمہ شامل ہیں۔

ہجرت کالونی میں تیز دھار آلے کے وار سے نوجوان زخمی ہوگیا۔ واقعہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب پی آئی ڈی سی چوک کے قریب واقع ہجرت کالونی میں پیش آیا۔ زخمی کی پہچان 27 سالہ ولی زیب ولد اورنگ زیب کے نام سے ہوئی، پولیس کے مطابق واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔

گلستان جوہر بلاک 6 میں پولیس مقابلے کے بعد 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم زخمی بھی ہوا ۔ منگل اور بدھ کی درمیانی گرفتار ہونے والے ملزمان رانا ذیشان اور شہزاد اسٹرئٹ کرائم اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ ، موٹر سائیکل ، موبائل فون اور 3 لاکھ روپے نقد برآمد کرلیے گئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔