رواں مالی سال کے پہلے مہینے میں مہنگائی شرح میں ہوشربا اضافہ
گذشتہ ایک ماہ میں سبزیوں کی قیمتوں میں 25 فیصد تک کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، وفاقی ادارہ شماریات
ISLAMABAD:
رواں مالی سال 23-2022 کے پہلے ماہ (جولائی) میں مہنگائی کی شرح میں 4.3 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق گذشتہ ماہ(جولائی)کے دوران ملک کے شہری علاقوں میں مہنگائی 4.47 فیصد اور دیہی علاقوں میں 4.17 فیصد رہی ہے۔
ایکسپریس نیوز کو موصول ہونے والی رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ گذشتہ ایک ماہ میں سبزیوں کی قیمتوں میں 25 فیصد تک کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ جولائی میں سبزیاں 25.14 فیصد، پیاز 13.65، دال چنا 13.87، آلو 10.87، خوردنی تیل 7.66 اور گھی 5.11 فیصد مہنگا ہوا۔
رپورٹ کے مطابق جولائی میں چنے 5.36 ، دال مسور 9.01، دال ماش 9.73 ، دال مونگ 2.67، آٹا 6.34، چائے 8.98، چکن 3.02، پھل 7.11 اور ٹماٹر 12.46 فیصد مہنگے ہوئی، جب کہ گزشتہ ماہ جولائی میں چکن 3.02 فیصد، پھل7.11 اور ٹماٹر 12.46 فیصد سستے ہوئے اس کے علاوہ ایک ماہ میں بجلی 39 فیصد، تعمیراتی خام مال کی قیمت میں 3 فیصد، برقی آلات کی قیمت میں ڈیڑھ فیصد اور پلاسٹک مصنوعات بھی ڈیڑھ فیصد تک مہنگی ہوئی ہیں۔