بھارتی اپوزیشن لیڈر سونیا گاندھی ایک بار پھر کورونا میں مبتلا

ویب ڈیسک  ہفتہ 13 اگست 2022
دو ماہ قبل بھی سونیا گاندھی کورونا میں مبتلا ہوکر اسپتال میں داخل رہی تھیں، فوٹو: فائل

دو ماہ قبل بھی سونیا گاندھی کورونا میں مبتلا ہوکر اسپتال میں داخل رہی تھیں، فوٹو: فائل

نئی دہلی: بھارت کی بانی جماعت کانگریس کی صدر سونیا گاندھی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس پر انھوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق معمولی علامات ظاہر ہونے پر اپوزیشن لیڈر سونیا گاندھی کا کورونا ٹیسٹ کرایا گیا جو مثبت آگیا۔ سونیا گاندھی نے ٹیسٹ مثبت آنے پر کورونا احتیاطوں کے پیش نظر اپنی تمام مصروفیات ترک کرکے خود کو قرنطینہ کرلیا۔

کانگریس کے رکن اسمبلی اور کمیونیکیشن انچارج جے رام رمیش نے بتایا کہ سونیا گاندھی کی طبیعت خطرے سے باہر ہے تاہم وہ کورونا ٹیسٹ منفی آنے تک قرنطینہ میں رہیں گی اور ڈاکٹرز کی ٹیم ان کا معائنہ کرتی رہی گی۔

 

جے رام رمیش نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں پارٹی کی جانب سے سونیا گاندھی کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی درخواست بھی کی۔

یاد رہے کہ سونیا گاندھی دو ماہ قبل بھی کورونا میں مبتلا ہونے پر دہلی کے سر گنگا رام اسپتال میں بھی داخل رہی تھیں جس کے دوران سونیا گاندھی نے منی لانڈرنگ کیس میں پوچھ گچھ کے لیے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) سے مزید وقت بھی مانگا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔