ماؤں کی قدر کریں جب تک وہ آپ کے پاس ہیں، مریم نواز کا والدہ کی برسی پر پیغام

ویب ڈیسک  اتوار 11 ستمبر 2022
—فائل فوٹو

—فائل فوٹو

 اسلام آباد:  

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے والدہ کی برسی پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ جنہیں ماں کی شفقت کا سایہ میسر ہے وہ لوگ ماں کی حیاتی کو غنیمت جانیں اور قدر کی نگاہ سے دیکھیں۔ 

مریم نواز نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے والدہ کی چوتھی برسی پر کہا کہ جو لوگ ماں کی شفقت سے محروم ہیں ان کے لیے یہ درد ناقابل بیان ہوتا ہے۔

خیال رہے کہ 11 ستمبر 2018 کو سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز لندن میں انتقال کرگئی تھیں۔ بیگم کلثوم نواز کے انتقال سے ایک برس قبل انہیں گلے کا کینسر تشخیص ہوا تھا اور وہ 12  ماہ تک لندن کے اسپتال میں زیر علاج رہیں۔

بیگم کلثوم نواز 29 مارچ 1950ء کو لاہور کے علاقے مصری شاہ میں ایک کشمیری خاندان میں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے مدرستہ البنات اسکول مصری شاہ سے ابتدائی تعلیم حاصل کی اور جامعہ پنجاب سے اردو میں ایم اے کیا۔

اپریل 1971 میں ان کی نواز شریف سے شادی ہوئی جو لاہور کی معروف کاروباری شخصیت میاں شریف کے صاحبزادے ہیں۔ بیگم کلثوم نواز اپنے شوہر نواز شریف سے ایک سال چھوٹی تھیں اور انہیں تین مرتبہ خاتون اوّل ہونے کا اعزاز حاصل رہا۔

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔