پی سی بی نے میچ آفیشلز کیلئے ماہانہ وطیفے کا اعلان کردیا

ویب ڈیسک  اتوار 25 ستمبر 2022
23 رکنی اس پینل میں 15 امپائرز اور 8 میچ ریفریز شامل ہیں (فوٹو: پی سی بی)

23 رکنی اس پینل میں 15 امپائرز اور 8 میچ ریفریز شامل ہیں (فوٹو: پی سی بی)

 لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے میچ آفیشلز کے سپلیمنٹری پینل کو ماہوار وظیفہ جاری کرنے کا اعلان کردیا۔

بورڈ حکام کے مطابق وظیفہ 23 رکنی اس پینل میں 15 امپائرز اور 8 میچ ریفریز شامل ہیں، جنہیں ماہوار 25 ہزار روپے وظیفہ ملے گا۔

اس سے قبل پی سی بی صرف انٹرنیشنل اور ایلیٹ پینل میں شامل میچ آفیشلز کو ماہوار وظیفہ دیا کرتا تھا۔ انٹرنیشنل پینل کا ماہوار وظیفہ 1 لاکھ 32 ہزار 250 روپے اور ایلیٹ پینل کو ماہوار 69 ہزار 575 روپے ماہوار وظیفہ دیا جاتا ہے۔

اس کے علاوہ پی سی بی اپنے تمام میچز آفیشلز کو میچ فیس (10ہزار روپے روزانہ) اور ڈیلی الاؤنس (2500 روپے روزانہ) دینے کے ساتھ ساتھ ان کے سفری اور رہائشی اخراجات بھی اٹھاتا ہے۔

مزید پڑھیں: پی سی بی کا ڈومیسٹک کرکٹرز کی میچ فیس اور ماہانہ وظیفے میں اضافے کا اعلان

لہٰذا، اب میچ آفیشلز کسی ایک چار روزہ میچ میں 52 ہزار روپے تک کما سکتے ہیں، اسی طرح وہ محدود طرز کی کرکٹ میں اب ہر میچ میں 15 ہزار روپے کماسکتے ہیں۔

علاوہ ازیں، پی سی بی اپنے میچ اسکوررز کا بھی خیال رکھتے ہوئے، ایک ڈومیسٹک میچ میں میچ اسکورر کو 7500 روپے روزانہ ملیں گے۔ اس کے علاوہ انہیں اس میچ میں 2500 روپے ڈیلی الاؤنس بھی ملے گا۔

پریکٹس میچ میں اسکورر کو روزانہ 1500 روپے میچ فیس اور 2000 روپے ڈیلی الاؤنس ملے گا۔ڈومیسٹک اور ایج گروپ کرکٹ میں پی سی بی انہیں لاجسٹک سہولیات بھی مہیا کرتا ہے۔

گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ نے  ڈومیسٹک کرکٹ میں بہتری لانے اور اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں سے متعلق اپنی پالیسی کے تحت نئے ڈومیسٹک کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کی میچ فیس اور ماہانہ وظیفے کی رقم میں اضافے کا اعلان کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔