نان اسٹرائیکر کا رن آؤٹ؛ اسٹورٹ بروڈ نے میچ جیتنے کا طریقہ ناپسندیدہ قرار دیدیا

ویب ڈیسک  اتوار 25 ستمبر 2022
فوٹو : فائل

فوٹو : فائل

 کراچی.: بھارتی ویمن ٹیم کی جانب سے آخری ون ڈے میچ میں انگلینڈ کی نان اسٹرائیکر کھلاڑی کو رن آؤٹ کرکے فتح اپنے نام کرنے کے طریقہ کار کو مینز ٹیم کے فاسٹ بولر اسٹورٹ بروڈ نے ناپسندیدہ قرار دیا ہے۔

گزشتہ روز، بھارتی ویمن ٹیم کی اسپنر دیپتی شرما نے نان اسٹرائیکنگ اینڈ پر گیند پھینکے سے قبل انگلش کھلاڑی چارلی ڈین کو رن آؤٹ کر دیا۔

فوٹو : گیٹی امیجز

فوٹو : گیٹی امیجز

تیسرے اور سیریز کے آخری ون ڈے میں انگلینڈ ویمن ٹیم کو جیت کے لیے 39 گیندوں پر 17 رنز چاہیے تھے جبکہ بھارت کو جیت کے لیے ایک وکٹ درکار تھی۔ بھارتی ٹیم نے انگلینڈ کو ون ڈے میں وائٹ واش کیا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فاسٹ بولر اسٹورٹ بروڈ نے لکھا کہ کہ ’’منکڈ کے طریقے سے آؤٹ کرنے پر ہونے والی بحث بہت دلچسپ ہے اور دونوں جانب سے اچھے خیالات کا اظہار کیا جا رہا ہے لیکن میں ذاتی طور پر اس کے طریقہ کار سے میچ جیتنے کو پسند نہیں کرتا‘‘۔

واضح رہے کہ بھارتی اسپنر کی جانب سے نان اسٹرائیکر کو اس طریقے سے رن آؤٹ کرنے پر کافی بحث کی جا رہی ہے جبکہ بعض کرکٹر اس طریقے کو درست سمجھ رہے ہیں کیونکہ یہ آئی سی سی کے نئے قوانین کے مطابق ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔