پولیس کے بھیس میں ڈاکوؤں نے دن دیہاڑے اوورسیز پاکستانی کو لوٹ لیا

ویب ڈیسک  پير 26 ستمبر 2022
محمد ابرار بیٹی کی شادی کیلئے مسقط سے پاکستان لوٹا تھا، فوٹو: فائل

محمد ابرار بیٹی کی شادی کیلئے مسقط سے پاکستان لوٹا تھا، فوٹو: فائل

اسلام آباد / راولپنڈی: نوسربازوں نے خود پولیس اہلکار ظاہر کرکے مسقط سے پاکستان آنے والے شہری کو لوٹ لیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گوجر خان کے رہائشی محمد ابرار کو نرسربازوں نے چار سو سے زائد عمانی ریال سے محروم کردیا۔

محمد ابرار بیٹی کی شادی کیلئے مسقط سے پاکستان لوٹا تھا جسے اولڈ ٹول پلازہ کے قریب وائرلیس سیٹ اور اسلحہ سے لیس افراد نے روک لیا۔

شہری کے مطابق نوسربازوں نے کہا کہ وہ پولیس والے ہیں اور ان کے پاس مخبری ہے کہ میری گاڑی میں منشیات ہے۔

شہری کا کہنا تھا کہ چیکنگ کے بہانے ڈاکوؤں نے مجھ سے چار سو عمانی ریال اور پاسپورٹ ہتھیا لیے اور فرار ہوگئے۔

محنت کش شہری نے دعویٰ کیا ہے کہ جب وہ  شکایت لے کر اسلام آباد پولیس کے پاس پہنچا تو داد رسی  کے بجائے پولیس اہلکار جان بچ جانے پر شکر ادا کرنے کا مشورہ دیتے رہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل دوسری واردات کی ویڈیو میں محمد ابرار نے ملزمان کو شناخت کرلیا ہے اور ان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ وڈیوز کی مدد سے ملزمان کو شناخت کرلیا گیا ہے  اور جلد ہی انہیں گرفتار کرلیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔