آشا بھوسلے کی صاحبزادی میری مداح ہے، عاطف اسلم

ویب ڈیسک  منگل 27 ستمبر 2022
جھگڑے کی وجہ سے 5 گھنٹے تک کے لیے شو کی ریکارڈنگ روکنی پڑی، فوٹو: فائل

جھگڑے کی وجہ سے 5 گھنٹے تک کے لیے شو کی ریکارڈنگ روکنی پڑی، فوٹو: فائل

لاہور: عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار عاطف اسلم نے انکشاف کیا ہے کہ بھارتی گلوکارہ آشا بھوسلے کی صاحبزادی ان کی مداح ہے۔

نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے گلوکار نے آشا بھوسلے کے ساتھ ماضی کے برے تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایک شو میں آشا بھوسلے ہمارے ساتھ تھیں اور وہاں میرا ان کے ساتھ جھگڑا ہوا تھا۔

عاطف اسلم کا کہنا تھا کہ ہمارے ایک دوسرے سےاچھے تعلقات نہیں تھے اور ایسا کچھ عرصے تک چلتا رہا۔

اُنہوں نے انکشاف کیا کہ آشا بھوسلے کی بیٹی میری مداح ہیں چناں چہ ایک دن بھارتی گلوکارہ نے مجھے فون کیا اور بتایا کہ ہماری جھگڑے کی وجہ سے میری بیٹی شکوہ کررہی ہے۔

عاطف اسلم کا کہنا تھا  کہ آشا بھوسلے نے اپنی بیٹی کی وجہ سے سب کچھ بھول کر مجھے معاف کردیا ہے اور یہ ایک طرح سے ان کا بڑا پن تھا جس سے میں بہت متاثر ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جھگڑے کی وجہ سے شو کی 4 سے 5 گھنٹے تک کے لیے ریکارڈنگ روکنی پڑی، البتہ، پروڈیوسرز اور ڈائریکٹرز کی بہت سی درخواستوں کے بعد ریکارڈنگ دوبارہ شروع کردی گئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔