آڈیو لیکس: مولانا فضل الرحمان کا جلد پی ڈی ایم اجلاس بلانے کا اعلان

ویب ڈیسک  بدھ 28 ستمبر 2022
فوٹو : فائل

فوٹو : فائل

 اسلام آباد: حکومتی اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے صدر اور جمیعت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ‎تقسیم اختیارات کے آئینی فارمولہ پہ عمل درآمد یقینی بنا کر قومی اداروں کی ساکھ کی بحالی یقینی بنائیں گے۔

ملک میں وزیراعظم ہاؤس اور عمران خان کی آڈیوز سامنے آنے کے بعد مولانا فضل الرحمان نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جلد ہی پی ڈی ایم کا اجلاس بلا کر پالیسی امور کو اپ ڈیٹ کریں گے، ‎ہم قوم کو داخلی تقسیم کے آشوب سے نکال کر ملی وحدت کی‎ طرف لے جانے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ سیاسی و معاشی بحرانوں پر قابو پایا جا سکے۔

مزید پڑھیں: صدر سے وزیراعظم کی ملاقات، آڈیو لیکس معاملے پر گفتگو

انہوں نے کہا کہ ‎کسی بھی ملک میں سیاسی استحکام ہی معاشی ارتقا کا زینہ اور قومی سلامتی کی مضبوط اساس بنتا ہے، ‎سیاسی استحکام کے حصول کی بنیادی دستاویز وہ آئین ہے جو یہاں کے 22 کروڑ عوام کی اجتماعی سوچ کا مظہر ہے اور قومی میثاق کا درجہ رکھتا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ‎پی ٹی آئی کی حکومت نے ملک کو صرف اقتصادی طور پر ہی کمزور نہیں کیا بلکہ نفرت اور انتقام کی سیاست کے ذریعے قومی وحدت کو بھی پارہ پارہ کر دیا، ‎پی ٹی آئی نے ہماری سماجی اقدار اور سیاسی روایات کو پامال کرکے ہاہمی احترام، سیاسی رواداری اور نوجوان نسل کی اخلاقیات کو آلودہ کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کو قوم کا مزید نقصان نہیں کرنے دیں گے، وزیر داخلہ

اُن کا کہنا تھا کہ عمران نیازی نے دانستہ پارلیمنٹ کو کمزور ، عدلیہ اور  الیکشن کمیشن سمیت تمام اداروں کو متنازع بنایا ، پی ڈی ایم ‎تقسیم اختیارات کے آئینی فارمولہ پہ عمل درآمد یقینی بنا کر قومی اداروں کی ساکھ کی بحالی یقینی بنائے گی۔

پی ڈی ایم صدر کا مزید کہنا تھا کہ ‎امید ہے کہ پی ڈی ایم حکومت سیلاب کی تباہ کاریوں اور معاشی بدحالی میں گھری قوم کو بہت جلد دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔