آئندہ دنوں میں ڈالر 200 روپے سے نیچے آجائے گا، اسحاق ڈار کا دعویٰ

ویب ڈیسک  پير 3 اکتوبر 2022
—فائل فوٹو

—فائل فوٹو

 اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے دعویٰ کیا ہے کہ سارا حساب کتاب کرلیا ہے، ڈالر کی موجودہ قدر حقیقی نہیں ہے آئندہ دنوں میں ڈالر کی اصل قدر 200 روپے سے کم ہوجائے گی۔ 

نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 26 ستمبر سے ڈالر کے مقابلے میں ہر روز روپے کی قدر بہتر ہورہی ہے جبکہ عالمی منڈی میں ڈالر بہت زیادہ مضبوط ہے لیکن اپنی پالیسیوں کے تحت ڈالر کو مزید نیچے لائیں گے۔

انہوں نے سابق وزیراعظم اور تحریک انصاف کے چیئرمین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ روپے کی بے قدری سے منہگائی میں اضافہ ہوا جس کی وجہ سے عمران خان کی ٹیم کو شرح سود میں اضافہ کرنا پڑا، کاروبار کو تقریباً 17 فیصد شرح سود پر قرضے مل رہے تھے، اس کے بلند و بالا دعوے جھوٹے ثابت ہوئے۔

’مجھے آئی ایم ایف کے معاملات کو ہینڈل کرنا آتا ہے‘

علاوہ ازیں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے کیسے نمٹا جائے اور اب کسی کو اس حوالے سے کسی چیز کی فکر نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ مجھے آئی ایم ایف کے معاملات کو ہینڈل کرنا آتا ہے،اس لیے اب سے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور نہ ہی کسی اور کو فکر کرنے کی ضرورت ہے۔

خیال رہے کہ اسحاق ڈار کا یہ بیان ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب مفتاح اسماعیل نے ایک ٹوئٹ میں حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف کی منظوری کے بغیر پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی (پی ڈی ایل) میں اضافہ نہ کرنے کے فیصلے کو ’لاپروائی‘ قرار دیا تھا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔