رانا ثنا گرفتاری معاملہ اسلام آباد پولیس کا اینٹی کرپشن کیخلاف قانونی کارروائی  کا عندیہ

اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کی جانب سے تعاون نہ کرنے کا الزام درست نہیں، قانونی طریقہ اختیار کیا جائے، کیپٹل پولیس


ویب ڈیسک October 10, 2022
اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب نے غلط بیانی کی، اسلام آباد پولیس (فوٹو فائل)

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کی عدالتی حکم پر گرفتاری کے معاملے پر اسلام آباد پولیس اور اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب آمنے سامنے آ گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق عدالت کی جانب سے رانا ثنا اللہ کی گرفتاری کے لیے دوبارہ وارنٹ گرفتاری جاری کیے جانے پر اینٹی کرپشن ٹیم وفاقی وزیر داخلہ کی گرفتاری کے لیے تھانہ سیکرٹریٹ اسلام آباد پہنچی۔ اینٹی کرپشن حکام کے مطابق اسلام آباد پولیس نے رانا ثنا اللہ کی گرفتاری کے لیے کسی بھی طرح کے تعاون سے انکار کر دیا۔ جس کے بعد محکمہ اینٹی کرپشن کی ٹیم تھانے سے روانہ ہو گئی۔

یہ خبر بھی پڑھیے: اشتہاری قرار دینے کی درخواست مسترد، وزیرداخلہ کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم

اینٹی کرپشن حکام نے الزام عائد کیا کہ ہمارے ساتھ ناروا رویہ اختیار کیا گیا جب کہ پولیس نے اینٹی کرپشن ٹیم کی آمد و روانگی کا اندراج بھی نہیں کیا۔ہماری گاڑیاں تھانے سے باہر نکال دی گئیں۔ تھانے میں پیش آنے والی کارروائی سے کل عدالت کو آگاہ کریں گے۔

صورت حال کے برعکس اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ تھانے میں وارنٹ گرفتاری باقاعدہ وصول کیے گئے جب کہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب نے ریکارڈ دینے سے انکار کردیا۔ تھانے میں آمدوروانگی کا باقاعدہ اندراج بھی کیا گیا۔ اس سلسلے میں اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کو ہدایت کی گئی کہ وہ مروجہ طریقہ کار کے مطابق قانونی راستہ اختیار کریں۔

اسلام آباد پولیس کے مطابق اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کی جانب سے کوئی واضح مؤقف نہیں اپنایا گیا۔اسلام آباد کیپٹل پولیس تمام عدالتوں کے احکامات کی تعمیل کے لیے ہروقت حاضر ہے۔تمام قانونی ضوابط کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کے افسران سے گزارش ہے کہ قانونی معاملات کو قانونی طریقے سے حل کریں اور غیر ضروری بیانات و غلط بیانی سے گریز کریں۔ ایسے بیانات سے اداروں کے درمیان انتظامی امور میں باہمی تعاون کے راستے میں رکاوٹیں پیدا ہوتی ہیں۔ ایسی غلط بیانی پر اسلام آباد کیپٹل پولیس قانونی کارروائی کا حق رکھتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں