کراچی میں مبینہ ٹارگٹ کلنگ میں ایم کیو ایم کا سابق کارکن جاں بحق

منور خان  بدھ 28 دسمبر 2022
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

  کراچی: شہر قائد کے علاقے حسین آباد میں مبینہ ٹارگٹ کلنگ میں ایم کیو ایم کا سابق کارکن شہزاد جاں بحق ہوگیا جبکہ مختلف علاقوں میں ڈکیتی مزاحمت اور دیگر فائرنگ کے واقعات میں لڑکی سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ضلع وسطی کے علاقے حسین آباد فیڈرل بی ایریا بلاک 3 رونق اسلام اسکول کے قریب ٹارگٹ کلنگ کے واقعے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔ مقتول کی لاش ایدھی کے رضا کاروں ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔

اس حوالے سے ایس ایچ او عزیز آباد کامران حیدر نے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ ویلڈنگ کی دکان پر پیش آیا، مقتول کی شناخت 50 سالہ شہزاد کے نام سے کی گئی جبکہ زخمی ہونے والے 35 سالہ فہیم اور کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مقتول اسی علاقے کا رہائشی ہے اور وہ ویلڈنگ کی دکان پر بیٹھا کرتا تھا اور جس وقت اسے فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا وہ اسی دکان پر بیٹھا ہوا تھا جبکہ زخمی ہونے والا راہ گیر تھا جو کہ موٹر سائیکل پر سوار تھا اور فائرنگ کی آواز سن کر رک گیا تھا، فرار ہوتے ہوئے ملزمان نے اسے بھی فائرنگ کا نشانہ بنایا جبکہ ویلڈنگ کی دکان پر موجود شمشاد نامی شخص بھگدڑ کے دوران گرنے سے زخمی ہوا ہے۔

ایس ایچ او کے مطابق جائے وقوعہ سے 30 بور پستول کے خول ملے ہیں اور ابتدائی تحقیقات میں واقعہ زاتی رنجش کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے ،ہلمٹ پہنے ہوئے موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان آئے تھے اور انھوں نے دکان پر جا کر فائرنگ کی تھی تاہم پولیس علاقے میں نصب کلوز سرکٹ کیمروں کی فوٹیجز حاصل کر رہی ہے تاکہ ملزمان کے بارے میں مزید معلومات حاصل کی جا سکے۔

علاقہ مکینوں کی جانب سے مقتول کے بارے میں بتایا گیا کہ وہ ایم کیو ایم کا سابقہ کارکن تھا تاہم اس حوالے سے پولیس تصدیق کرنے سے گریز کر رہی ہے۔

دریں اثنا جمشید کوارٹر کے علاقے جہانگیر روڈ گلی نمبر 2 میں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے 2 افراد زخمی ہوگئے جنھیں فوری طبی امداد کے لیے جناح اسپتال لیجایا گیا جہاں ان کی شناخت 25 سالہ متین زیدی اور 40 سالہ عظیم کے نام سے کی گئی جنھیں پیٹ اور ٹانگ پر گولیاں لگی تھیں ، جمشید کوارٹر پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والے ملزم سہیل کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا جو کہ لائسنس یافتہ ہے جبکہ جھگڑا گلی میں کرکٹ کھیلنے کے دوران بال گاڑی پر لگنے سے ہوا تھا تاہم پولیس اس حوالے سے مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

علاوہ ازیں گزری کے علاقے ڈیفنس خیابان اتحاد کے قریب ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر 20 سالہ منیشا دختر خالد مسیح کو موٹر سائیکل سوار ڈکیت نے فائرنگ کر کے زخمی کر دیا جسے ٹانگ پر گولی لگی۔ واردات کے حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ مضروبہ کے بھائی جوزف کے مطابق اس کی بہن ملازمت سے واپس جارہی تھی اور رکشے کے انتظار میں کھڑی تھی جبکہ اس کے ہاتھ میں موبائل فون اور کانوں میں ہنڈ فری لگا ہوا تھا، اس دوران موٹر سائیکل سوار ایک ڈکیت جو کہ ماسک اور پیٹ شرٹ پہنا ہوا تھا لڑکی کے پاس آیا اور موبائل فون چھیننے کی کوشش کی اس دوران لڑکی نے خوفزدہ ہو کر اپنا موبائل فون پرس میں ڈالا جس پر ڈکیت نے ایک گولی چلائی جو لڑکی کی ٹانگ پر لگی جبکہ ڈکیت موقع سے فرار ہوگیا۔

پولیس حکام کے مطابق زخمی لڑکی کو فوری طبی امداد کے لیے جناح اسپتال لیجایا گیا تاہم پولیس اس حوالے سے مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔