سی ڈی اے نے ایف آئی اے سے کرپشن تحقیقات کی تفصیل مانگ لی
بتایا جائے کون سے الزامات ثابت ہوئے اور کس افسر کو کلیئر کیا گیا، سی ڈی اے کا مراسلہ
کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سے افسران کے خلاف ہونے والی کرپشن کیس کی تحقیقات کی تفصیلات طلب کرلیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سی ڈی اے کی جانب سے ایف آئی اے اسلام آباد زون کو باضابطہ مراسلہ لکھا گیا ہے، جس میں ایف آئی اے حکام سے تفصیلات طلب کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ 16 افسران کے خلاف ہونے والی تحقیقات کے حوالے سے آگاہ کیا جائے۔
مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ افسران کے خلاف ہونے والی تحقیقات کی تفصیلی رپورٹ دی جائے۔ ان افسران پر تحقیقات میں کون کون سے الزامات ثابت ہوئے۔ بتایا جائے کہ کیا ان میں سے کسی افسر کو کلیئر بھی کیا گیا ہے۔
سی ڈی اے کی جانب سے مراسلے میں جن افسران کے نام درج ہیں، ان میں سید ضیا،محمد نواز خان،ممتاز،یامین مقبول احمد و دیگر شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق ان تمام افسران پر سی ڈی اے میں کروڑوں روپے کی کرپشن کے الزامات ہیں۔