امن پر کوئی سمجھوتا نہیں دہشتگردی ناقابل برداشت ہے وزیراعظم

اقتصادی روڈ میپ ملکی معیشت کی بحالی کے ساتھ عوام کو ریلیف فراہم کرے گا، شہباز شریف


ویب ڈیسک January 03, 2023
(فوٹو فائل)

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملکی امن پر کوئی سمجھوتا نہیں ، دہشت گردی ناقابل برداشت ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیراعظم نے گزشتہ روز قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے فیصلوں سے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ این ایس سی نے کئی گھنٹے طویل مشاورت کے بعد اہم فیصلے کیے، جن میں سے دو نمایاں ہیں۔

 



دہشت گردی کو ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے وزیراعظم نے بتایا کہ اجلاس میں طے پایا ہے کہ پاکستان کی رٹ چیلنج کرنے والے دہشت گردوں کے لیے ریاست زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائے گی اور قیام امن پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ اقتصادی روڈ میپ ملکی معیشت کو بحال کرنے کے ساتھ ساتھ عوام کے لیے ریلیف کے اسباب بھی پیدا کرے گا۔

دریں اثنا وزیراعظم شباز شریف نے ملائیشین ہم منصب اسماعیل صابری یعقوب سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے انہیں وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد دی ہے۔ وزیراعظم نے ملائیشیا کے نئے وزیراعظم اور عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

دونوں وزرائے اعظم نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان برادرانہ قریبی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے اور تجارت وسرمایہ کاری سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم نے ملائیشین ہم منصب کو 9 جنوری کو جنیوا میں ہونے والی ڈونرز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ۔

وزیراعظم نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی کے لیے ڈونرز کانفرنس کے انعقاد سے آگاہ کیا ، جس پر ملائیشین وزیراعظم نے ڈونرز کانفرنس میں اعلیٰ سطح کا وفد بھجوانے کی یقین دہائی کرا دی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نے ملائیشین ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی، جسے انہوں نے قبول کرتے ہوئے شہباز شریف کو بھی ملائیشیا کے دورے کی دعوت دی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں