پاکستان چینی سرمایہ کاروں کیلیے محفوظ کاروباری ماحول فراہم کرے گا، وزیراعظم

ویب ڈیسک  جمعرات 5 جنوری 2023
—فائل فوٹو

—فائل فوٹو

 اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے چینی وزیراعظم کو یقین دلایا کہ پاکستان چینی سرمایہ کاروں کے لیے مکمل طور پر محفوظ اور سازگار کاروباری ماحول فراہم کرے گا۔

وزیراعظم آفس سے جار اعلامیہ میں کہا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی اپنے چینی ہم منصب سے ٹیلی فونک گفتگو میں دو طرفہ امور اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اعلامیہ کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان بات چیت میں پاکستان چین آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ پراطمینان کا اظہار کیا گیا۔

مزیدپڑھیں: وزیرِ اعظم  کی چین  کے صدرشی جن پنگ سے ملاقات

 

وزیر اعظم نے چین کے ساتھ قریبی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کے عزم پر زور دیا اور چین کے بنیادی مفادات پر پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ علاہوہ ازیں رابطے میں باہمی دلچسپی کے علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبوں کی بروقت پیش رفت پر آگاہ کیا اور چینی وزیراعظم کو یقین دلایا کہ پاکستان چینی سرمایہ کاروں کے لیے مکمل طور پر محفوظ اور سازگار کاروباری ماحول فراہم کرے گا۔

جس پر چینی وزیراعظم نے کہا کہ پاک چین کو نہ صرف ایک اسٹریٹجک دوست بلکہ ایک ایسے ملک کے طور پر دیکھتا ہے جس کا استحکام اور معاشی بہبود خطے اور چین کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور چین ہمیشہ پاکستان کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف، سعودی عرب اور چین

وزیر اعظم نے وزیر اعظم لی کو پاکستان میں سیلاب کے بعد کی تعمیر نو اور بحالی میں تازہ ترین پیشرفت کے بارے میں آگاہ کیا، سیلاب کے لیے چین کی فوری اور فراخدلانہ مدد پر پاکستان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم لی نے وزیر اعظم کو چین کی جانب سے پاکستان کی تعمیر نو کی کوششوں اور کانفرنس کی کامیابی کے لیے مسلسل حمایت کا یقین دلایا اور دونوں رہنماؤں نے 2023 اور اس کے بعد پاکستان اور چین کے دوطرفہ تعاون کے ایجنڈے کو تیزی سے آگے بڑھانے کے لیے قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔