بھارت دوران پرواز خاتون مسافر پر پیشاب کرنے والا شخص 6 ہفتوں بعد گرفتار

ملزم ایک ملٹی نیشنل کمپنی میں انڈیا چیپٹر کا نائب صدر ہے جسے ملازمت سے فارغ کردیا گیا


ویب ڈیسک January 07, 2023
دوران پرواز بزرگ خاتون پر پیشاب کرنے والا ملزم بنگلور سے گرفتار؛ فوٹو: بھارتی میڈیا

نومبر میں ایئر انڈیا کی پرواز میں نشے میں دھت ایک مسافر نے بزرگ خاتون پر پیشاب کردیا تھا جس پر پولیس نے 6 ہفتوں کی محنت کے بعد ملزم کو ڈرامائی انداز سے گرفتار کرلیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی سے تعلق رکھنے والے شنکر مشرا نامی شخص کو بنگلور سے گرفتار کرکے نئی دہلی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے ملزم کو 14 دن کے جوڈیشل ریمانڈ پر بھیج دیا۔

شنکر مشرا کے وکلاء نے دعویٰ کیا کہ ان کے کلائنٹ نے نہ صرف اپنی غلطی کا اعتراف کیا بلکہ خاتون کا سامان بھی صاف کیا اور انھیں 15,000 روپے بطور ہرجانہ بھی دیا۔

ملزم کا وکلا کا یہ بھی کہنا تھا کہ واقعے کے اصل قصور وار ایئر انڈیا کا عملہ تھا جنھوں نے بروقت اور درست طریقے سے معاملے کو ہینڈل نہیں کیا ورنہ بات اتنی نہ بڑھتی۔

دوسری جانب خاتون مسافر کی بیٹی نے بتایا کہ شنکر مشرا کے دیئے گئے 15 ہزار روپے یہ کہہ کر واپس کردیئے تھے کہ ہم اسے قبول نہیں کرسکتے۔

ادھر ملزم شنکر مشرا جو امریکی مالیاتی خدمات کی کمپنی ویلز فارگو میں انڈیا چیپٹر کے نائب صدر تھے کو کمپنی نے ملازمت سے برطرف کر دیا۔ کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ الزامات "انتہائی پریشان کن" تھے۔

خیال رہے کہ دوران پرواز بزنس کلاس میں ایک بزرگ خاتون پر پیشاب کرنے کے بعد ملزم نے خاتون سے پولیس میں شکایت درج نہ کرنے کی درخواست بھی کی تھی۔ ملزم نے کہا تھا کہ اگر بیوی بچوں کو پتہ چلا تو ان پر اچھا اثر نہیں پڑے گا۔

ایئر انڈیا نے بزرگ خاتون کی درخواست پر ایئرپورٹ پر ہی سیکیورٹی کو بلانے اور پوچھ گچھ نہ کرنے کی درخواست کی کیوں کہ اس طرح خاتون کی پرائیوسی متاثر ہوتی اور میڈیا پر شناخت ظاہر ہوجاتی۔

ایئر انڈیا نے شنکر مشرا پر ایک مہینے تک ان کی طیاروں پر پرواز نہ کرنے کی پابندی عائد کردی اور تھانے میں شکایت بھی درج کرائی۔ ملزم شنکر مشرا اس حرکت کے بعد سے روپوش ہوگیا تھا اور فون بھی بند کردیئے تھے۔

یہ واقعہ سوشل میڈیا پر بھی کافی زیر بحث تھا اور دہلی پولیس پر ملزم کی گرفتاری کے لیے کافی دباؤ بھی تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے اپنے دوستوں سے رابطہ کرنے کے لیے سوشل میڈیا کا استعمال کیا اور اسی وجہ سے ملزم تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں