ڈاکوؤں نے مزید 3 شہریوں کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 20 جنوری 2023
 ملیر ندی کے قریب موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر 40 سالہ دلدار کو گولی ماری
(فوٹو فائل)

 ملیر ندی کے قریب موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر 40 سالہ دلدار کو گولی ماری (فوٹو فائل)

 کراچی: شہر میں ڈاکوؤں کی وارداتوں کا سلسلہ تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہا، کلاکوٹ اور شاہ لطیف ٹاؤن میں ڈاکوؤں نے مزاحمت پر 3 شہریوں کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ سٹی میں ڈاکو راج کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 2 افراد زخمی ہوگئے۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق لیاری کے علاقے کلاکوٹ برف خانہ والی گلی گھاس منڈی کے قریب موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کر کے 2 افراد کو زخمی کر دیا۔ جنھیں فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال لے جایا گیا جہاں ان کی شناخت 40 سالہ شیراز اور 30 سالہ محمد الیاس کے نام سے کی گئی۔ اس حوالے سے کلاکوٹ پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ ڈسٹرکٹ سٹی کے علاقے نیپیئر میں چند روز قبل موٹر سائیکل سوار گینگ وار کے ملزمان خوف و ہراس پھیلانے کے لیے ایک بلڈر کے دفتر کے قریب دستی بم پھینک کر فرار ہوئے تھے جس میں بارودی مواد موجود نہیں تھا۔

ڈسٹرکٹ سٹی میں جرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر علاقہ مکینوں میں تشویش کی لہر پائی جاتی ہے اور انھوں نے ڈی آئی جی ساؤتھ عرفان بلوچ سے اپیل کی ہے کہ وہ ڈسٹرکٹ سٹی میں پولیس کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

دریں اثنا شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقے ملیر ندی کے قریب موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر 40 سالہ دلدار کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔