غریب پرپڑنے والا اضافی بوجھ مستقبل میں ختم کیا جائیگا مصدق ملک
امیر کا پاکستان اور غریب کا پاکستان اب کمزور طاقتور کا ملک الگ الگ کریں گے، وزیر مملکت برائے پٹرولیم
وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ ملک میں غریب پر اضافی بوجھ ڈالا گیا اُسے مستقبل میں ختم کیاجائے گا، ہمارا مقصد غریب لوگوں کے مسائل حل کرنا ہے۔
اسلام آباد میں کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ جب سے وزارت کی ذمہ داری دی تو سمجھ آئی عمران خان ٹھیک کہتے ہیں ایک نہیں دو پاکستان ہیں، ایک بلکتے بچوں کے باپ کو جیل میں ڈالا دیا جاتا تو دوسرے پاکستان میں ہیرو کی چوری پر گھر میں مزے کررہا ہوتا ہے۔
مصدق ملک نے کہا کہ بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نوازشریف کو نااہل کیا اور دوسرے پاکستان میں 450 کنال کی جگہ لینے والا اور 250 ملین کا فائدہ پہنچانے والا آرام سے بیٹھا ہے، فونٹ کو ڈاؤن لوڈ کرنے پر مریم نواز کو 8 سال کی سزا دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ عارف نقوی نے 360 ملین روپے کا پلانٹ لگایا، ایک میں لوگوں کے بچے جیل میں جائیں گی اور ایک وہ پاکستان ہے جہاں عمران خان کہتا ہے لوگوں گھر کے باہر آ جائو کہیں مجھے نہ جیل میں ڈال دیں۔
مصدق ملک نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کون سے دنیا سے آئے ہیں کہ آپ کو جیل میں نہ ڈالا جائے، ایک رات کی تاریکی میں باپ کے سامنے بیٹی کو ہتھکڑی لگا کر گھسیٹ کر جیل میں لےجایا گیا، ایک وہ عدالت ہے جو کہتی خان صاحب کبھی دو بجے تو کبھی سات بجے بھی عدالت نہیں آؤں گا۔
'ملک میں دو ملک بنا دیے گئے ہیں'
انہوں نے کہا کہ ایک وہ پاکستان ہے جہاں بڑے برانڈ کی گاڑیاں ہیں تو دوسری طرف غریب کا بچہ بھوک سے مر رہا ہے، امپورٹڈ چولہو اور کتوں کی خوراک پر ٹیکس لگائیں گے، ملک میں دو ملک بنا دیے گئے ہیں۔
مصدق ملک کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ چولہو اور کتوں کی خوراک پر ٹیکس لگائیں گے ملک میں دو ملک بنا دئیے گئے ہیں، امیر کا پاکستان اور غریب کا پاکستان اب کمزور طاقتور کا ملک الگ الگ کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت غریب کے ساتھ کھڑی ہے پرانے پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے، غریب پر نہیں طاقتور کو ٹیکس کیاجائے گا، ہم نے آج دو مختلف پاکستان کو علیحدہ کردیا ہے آج کے بعد گیس کی قیمت غریب کےلئے الگ الگ ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ گیس کی قیمت غریب کےلئے کم اور امیر علاقوں کےلئے الگ ہوگی، ملک کے 59فیصد کے گیس کا ٹیرف کم کر دیا گیا ہے، جب دس یونٹ گیس کا استعمال کرے گا تین گنا پیسے دے گا اور غریب آدھے سے کم پیسے دے گا۔