بیکٹیریا سے متاثر آئی ڈراپس صحت مند افراد میں بیماری پھیلا رہا ہے
اس نایاب سپربگ سے متاثر ہوکر تین افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں اور چار افراد کو اپنی آنکھوں کی پتلیاں نکلوانی پڑی ہیں
امریکا میں آنکھوں میں ڈالی جانے والی دوا میں ایک بیکٹیریا پایا گیا ہے جو صحت مند افراد کی آنکھوں کو متاثر کر رہا ہے۔
امریکا میں فروخت کیے جانے والے آنکھوں کے ڈراپس میں سوڈوموناس ایروگِنوسا نامی بیکٹیریا پایا گیا ہے۔ یہ بیکٹیریا عموماً مٹی اور پانی میں پایا جاتا ہے اور اکثر خون اور پھیپھڑوں کے انفیکشنز کا سبب ہوتا ہے۔
اس نایاب سُپر بگ سے متاثر ہوکر تین افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں اور چار افراد کو اپنی آنکھوں کی پتلیاں نکلوانی پڑی ہیں۔ جبکہ آلودہ آئی ڈراپس کے استعمال کے بعد آٹھ افراد ایک یا دونوں آنکھوں کی بینائی سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔
خطرناک صورتحال کے پیشِ نظر امریکا میں صحت کے شعبہ کے نگراں اداروں نے گزشتہ دنوں فارمیسیوں سے دوا واپس منگا لی تھی تاکہ مسئلے کو محدود رکھا جاسکے۔
اس بیکٹیریا کی شناخت امریکی ریاست کنیکٹیکٹ میں قائم لانگ ٹرم کیئر سینٹر میں ہوئی تھی۔نیویارک ٹائمز کے مطابق اس بیکٹیریا سے اس سینٹر میں موجود ایسے مریض بھی متاثر ہوئے ہیں جن میں کوئی علامات نہیں تھیں۔ ان مریضوں کے جسموں میں بیکٹیریا نے جگہ بنا چکے تھے۔
امریکی شعبہ صحت کے آفیشلز فکرمند ہیں کہ سامنے آنے والا نیا بیکٹیریا ملک میں جڑیں مضبوط کر سکتا ہے۔