عرفی جاوید نے رنبیر کپور کے متعلق توہین آمیز الفاظ استعمال کرنے کی تردید کردی
اداکارہ کو اپنے نیم برہنہ اور غیر روایتی فیشن سینس کی وجہ سے اکثر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے
بالی وڈ کی ٹی وی فنکارہ اور ماڈل عرفی جاوید نے نامور اداکار رنبیر کپور کے خلاف توہین آمیز الفاظ استعمال کرنے کی سختی سے تردید کردی ہے۔
بھارتی میڈیا میں یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ عرفی جاوید نے رنبیر کپور کو اپنے متعلق بیان پر سوشل میڈیا میں سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کے خلاف توہین آمیز الفاظ منھ سے نکالے ہیں۔
عرفی جاوید نے اب سامنے آکر وضاحت کی ہے اور بھارتی میڈیا کو بتایا کہ رنبیر کپور کے متعلق انہوں نے کوئی غلط زبان استعمال نہیں کی ہے اور یہ خبریں بے بنیاد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میرے دل میں بطور اداکار رنبیر کپور کیلئے بہت زیادہ احترام ہے اور میں ان کے خلاف یا انڈسٹری میں کسی کے خلاف بھی ایسی زبان استعمال نہیں کروں گی۔
عرفی جاوید نے نیوز اداروں پر زور دیا کہ وہ ان سے متعلق کسی بھی خبر کو لگانے سے قبل اس کی تصدیق کرلیا کریں۔
واضح رہے کہ اداکارہ کو اپنے نیم برہنہ اور غیر روایتی فیشن سینس کی وجہ سے اکثر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے اور وہ ٹی وی پروگرام 'بڑے بھیا کی دلہن' اور 'یہ رشتہ کیا کہلاتا ہے' میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔