جناح اسپتال میں نامعلوم افراد ڈاکٹروں کا روپ دھار کر مریضوں کو لوٹنے لگے

دعا عباس  ہفتہ 20 مئ 2023
فوٹو فائل

فوٹو فائل

  کراچی: جناح اسپتال کراچی میں نامعلوم افراد ڈاکٹروں کا بھیس بدل کرمریضوں کو لوٹنے لگے۔

جناح اسپتال کے شعبہ ایمرجنسی میں مریض نے دعویٰ کیا کہ ڈاکٹر نے تشخیصی ٹیسٹوں کے نام پر 5 ہزار روپے وصول کیے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق اس سے قبل بھی سادہ لوح مریضوں سے 20،20 ہزار تک وصول کیے گئے ہیں۔

اسپتال میں اکثر ایسے مریض جو اندرون سندھ سے علاج کے غرض سے کراچی آتے ہیں،ان کی مجبوری کا غلط فائدہ اٹھایا جاتا ہے،اکثر افراد میں اتنی آگاہی بھی نہیں ہوتی کہ اس شخص کے  حربے کو سمجھ سکے،ایسے معصوم مریض اپنے جیب سے رقم نکال کر مشکوک فرد کے حوالے کردیتے ہیں۔

دوسری جانب ایکسپریس نیوز کی نشاندہی پر جناح اسپتال انتظامیہ متحرک ہوگئی۔ترجمان جناح اسپتال جہانگیر درانی کے مطابق اکثر سرکاری اسپتالوں میں نامعلوم افراد مریضوں کی مجبوری کا فائدہ اٹھاتے ہیں لیکن ہمیں اسپتال کے طبی عملے میں شامل چند افراد پر شک ہے، مشکوک افراد اسپتال میں متعدد مریضوں سے معاوضے لے چکے ہیں۔

اسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ پولیس کی مدد سے اس کے خلاف تحقیقات شروع کردی ہے، جس کے بعد ملوث افراد کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔