آریان منشیات کیس تفتیشی افسر نے شاہ رخ خان کیلئے نئی مشکل کھڑی کردی
مبینہ گفتگو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شاہ رخ خان اپنے بیٹے کی رہائی کیلئے سمیر وانکھیڈے سے بھیک مانگ رہے ہیں
بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان کو منشیات کیس میں گرفتار کرنے والے اینٹی نارکوٹکس افسر سمیر وانکھیڈے نے نیا پنڈورا بکس کھول دیا ہے۔
بھارتی تفتیشی ادارے نے حال ہی میں سمیر وانکھیڈے پر کرپشن کا مقدمہ درج کیا ہے اور ان پر الزام لگایا کہ آریان خان کو بچانے کیلئے انہوں نے رشوت طلب کی تھی۔
کیس کی نئی پیش رفت میں سمیر وانکھیڈے نے اپنے دفاع میں شاہ رخ خان کے ساتھ اپنی واٹس ایپ گفتگو بطور ثبوت جمع کرائی ہے۔
اداکار اور تفتیشی افسر کے درمیان مبینہ گفتگو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شاہ رخ خان اپنے بیٹے کی رہائی کیلئے سمیر وانکھیڈے سے بھیک مانگ رہے ہیں۔
شاہ رخ خان اس گفتگو میں اعتراف کرتے ہیں کہ ان کے بیٹے نے غلط راستہ اختیار کیا ہے لیکن اسے اس بات پر سزا نہیں ہونی چاہئے اور جیل آریان کی شخصیت کو توڑ دے گا۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل شاہ رخ خان اور وانکھیڈے کی گفتگو کے متن کی اب تک تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔