صدر مملکت نے قومی اقتصادی کونسل کی منظوری دے دی

وزیراعظم کونسل کے چیئرمین مقرر،چاروں وزرائے اعلیٰ ارکان قرار، ایس ایم تنویر، یونس ڈاگا، رسول بنگش امجد رشید بھی شامل


ویب ڈیسک September 01, 2023
—فوٹو: ٹوئٹر

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قومی اقتصادی کونسل کی تشکیل کی منظوری دے دی، کونسل کے کل 13 ممبران ہیں جس میں وزیر اعظم پاکستان چیئرمین ہوں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق صدر مملکت نے قومی اقتصادی کونسل کی تشکیل کی منظوری آئین کے آرٹیکل 156 ایک اور رولز آف بزنس کے تحت دی جس کے تحت یہ کونسل ملک کی مجموعی معاشی صورتحال کا جائزہ لینے اور مالیاتی ، تجارتی ، معاشرتی اور اقتصادی پالیسیز کے حوالے سے منصوبہ بندی کی ذمہ دار ہے۔


کونسل میں وزیر اعظم اور چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ شامل ہیں، کونسل میں چار صوبوں سے نگران حکومتوں کے نمائندے بھی شامل ہیں۔


ان میں پنجاب سے نگران وزیر توانائی و انڈسٹری، کامرس، سرمایہ کاری اور ہنرمندی ایس ایم تنویر ہیں، سندھ سے وزیر خزانہ، محصولات، منصوبہ بندی و ترقی محمد یونس ڈاگا، خیبر پختونخوا سے وزیر خزانہ، محصولات، ایکسائز، ٹیکسیشن اور منشیات، احمد رسول بنگش اور بلوچستان سے وزیر خزانہ و محصولات امجد رشید شامل ہیں۔


وفاق سے وزیر خزانہ و محصولات، اقتصادی امور اور نجکاری بھی کونسل کے ممبر ہوں گے، وزیرِ منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات اور وفاقی وزیر ِمواصلات، ریلویز و بحری امور بھی کونسل میں شامل ہوں گے، قومی اقتصادی کونسل میں نگران وفاقی وزیر توانائی اور پٹرولیم کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں