یاسر حسین ڈرامہ ’’حادثہ‘‘ پر پابندی کیخلاف بول پڑے
مہنگائی کے اس دور میں کسی کی محنت پر پانی پھیرنا ٹھیک نہیں، اداکار
اداکار یاسر حسین ڈرامہ'' حادثہ'' پر پیمرا کی جانب سے پابندی کیخلاف بول پڑے۔
یاسر حسین نے ڈرامے کے پروڈیوسرز وجاہت رؤف اور شازیہ وجاہت کے دفاع میں انسٹاگرام پر شیئر کیے گئے پیغام میں کہا کہ وجاہت اور شازیہ میرے بہت پرانے دوست ہیں اور میں ایک بات دعوے کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ وہ ریٹنگ کے لیے کام نہیں کرتے، یہ دل والے لوگ ہیں دل آزاری کرنے والے نہیں۔
اداکار نے مزید کہا کہ مہنگائی کے اس دور میں کسی کی محنت پر پانی پھیرنا ٹھیک نہیں، ڈرامہ لکھ کر پیمرا سے منظور کرانا زیادہ بہتر ہوگا بجائے اسکے کہ ڈرامہ بننے کے بعد اس پر پابندی لگا دی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: پیمرا نے ' حادثہ ' ڈرامے پر پابندی عائد کردی
یاد رہے کہ پیمرا نے نجی ٹی وی چینل پر نشر ہونے والے ڈرامے حادثہ پر 30 اگست کو پابندی عائد کردی تھی۔ پیمرا نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ مذکورہ ڈرامے کے مواد سے متعلق بہت سی شکایات موصول ہوئیں ہیں جس کے بعد اس پر پیمرا ایکٹ کے سیکشن 27 کے تحت فوری پابندی عائد کرتے ہوئے معاملہ ادارے کی کمیٹی کونسل آف کمپلینٹس کو بھیجا گیا ہے۔
مذکورہ ڈرامے پر الزام ہے کہ اس کی کہانی 2020 میں لاہور کے قریب موٹروے پر اغوا کے بعد گینگ ریپ کا نشانہ بننے والی خاتون کے واقعے پر مبنی ہے۔
یہ معاملہ اُس وقت اٹھا تھا جب صحافی فریحہ ادریس نے اپنے ایک طویل ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ موٹر وے حادثے کی متاثرہ خاتون نے انہیں فون کر کے دردناک آواز میں کہا ہے کہ اس ڈرامے کی وجہ سے وہ شدید تکلیف میں ہیں۔ انکی کہانی کو ٹی وی پر دکھایا جارہا ہے اور جن چیزوں کو وہ بھولنا چاہتی ہیں انہیں دوبارہ زندہ کیا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں؛ موٹر وے زیادتی حادثہ، متنازع ڈرامے میں کام کرنے پر حدیقہ کیانی کا ردِعمل آگیا
فریحہ ادریس کے مطابق متاثرہ خاتون نے اُن سے کہا کہ ان کے گھر والے سسرال والے بچے اور خاندان ٹی وی پر ان کے ریپ کی کہانی کو دیکھ رہے ہیں۔ اس دن کو دیکھنے سے بہتر تھا کہ وہ اس روز مرجاتیں۔ خاتون نے یہ بھی کہا تھا کہ ہرشام 5 بجے وہ کانپنے لگتی ہیں کیونکہ شام 7 بجے ڈرامہ آنیوالا ہوتا ہے۔
فریحہ ادریس کے اس ٹوئٹ کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے ڈرامے پر فوری پابندی اور پیمرا سے ڈرامہ بنانے والوں کے خلاف سخت ایکشن لینے کا مطالبہ کیا تھا۔
واضح رہے کہ ڈرامے کے پروڈیوسرز وجاہت رؤف، شازیہ وجاہت اور مرکزی کردار ادا کرنے والی حدیقہ کیانی اس بات سے مسلسل انکاری ہیں کہ اس ڈرامے کی کہانی کا موٹر وے زیادتی واقعے سے کوئی تعلق ہے۔