لائیو پرفارمنس کے دوران گلوکار کی اچانک موت ویڈیو وائرل

گلوکار کے پسماندگان میں ان کی اہلیہ اور ان کی بیٹی زوئی ہے، جو رواں سال 19 اکتوبر کو پیدا ہوئی تھی


ویب ڈیسک December 16, 2023
فوٹو : اسکرین گریب

برازیلین گلوکار پیڈرو ہنریک کی لائیو پرفارمنس کے دوران اچانک موت ہوگئی جس کی دل دہلانے دینے والی ویڈیو سوشل میڈیا پر زیرِ گردش ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق 30 سالہ گلوکار پیڈرو ہنریک کی اچانک موت کا افسوسناک واقعہ 13 دسمبر کو لائیو پرفارمنس کے دوران پیش آیا، وہ لائیو کانسرٹ میں مداحوں کے لیے اپنا مشہور گانا 'Vai Ser Tão Lindo' گا رہے تھے کہ اچانک اُنہیں دل کا دورہ پڑا اور وہ اسٹیج پر ہی گِر گئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے اسٹیج پر ہی گلوکار کی موت ہوگئی تھی لیکن اُنہیں فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے معائنہ کرکے گلوکار کی موت کی تصدیق کی۔

پیڈرو ہنریک کی اچانک موت سے اُن کی اہلیہ اور اہلخانہ شدید صدمے میں ہیں جبکہ گلوکار کے مداحوں اور ساتھی موسیقاروں کی جانب سے بھی اُن کی موت پر گہرے دُکھ کا اظہار کیا جارہا ہے۔



دوسری جانب گلوکار کی اہلیہ سویلان بیریٹو نے شوہر کے ہمراہ لی گئی اپنی یادگار تصویر انسٹاگرام پر پوسٹ کی جس کے ساتھ اُنہوں نے جذباتی نوٹ بھی لکھا۔

سویلان بیریٹو نے جذباتی ہوتے ہوئے کہا کہ "میں کیسے تمہیں واپس لاوْں، میں تم سے بات کرنا چاہتی ہوں، تمہاری خوشبو محسوس کرنا چاہتی ہوں، تمہارے گلے لگنا چاہتی ہوں، تمہارے ساتھ گھومنا چاہتی ہے، تمہارے ساتھ رہنا چاہتی ہے لیکن میں کیسے دوبارہ یہ سب کروں"۔

گلوکار کی اہلیہ نے کہا کہ "میں وعدہ کرتی ہوں کہ میں ہماری دو ماہ کی بیٹی کی ویسے ہی پرورش کروں گی جیسے آپ نے خواب دیکھا تھا اور آپ کی والدہ کا بھی ہمیشہ خیال رکھوں گی"۔

آخر میں اُنہوں نے کہا کہ "میں تُم سے بہت محبت کرتی ہوں اور ہمیشہ محبت کرتی رہوں گی"۔




واضح رہے کہ گلوکار پیڈرو ہنریک کے پسماندگان میں ان کی اہلیہ اور ان کی بیٹی زوئی ہے، جو رواں سال 19 اکتوبر کو پیدا ہوئی تھی۔

پیڈرو ہنریک کو بچپن سے ہی گلوکاری کا شوق تھا، اُنہوں نے اپنا خواب پورا کرنے کے لیے سال 2015 میں اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کا آغاز کیا تھا۔

پیڈرو ہنریک نے اپنے یوٹیوب چینل پر کچھ گانے اپلوڈ کیے تھے اور پھر برازیل کے ایک مقامی بینڈ کے ساتھ ملکر ایک البم ریکارڈ کیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں