انگلش بیٹسمین کو زمبابوے کے وکٹ کیپر پر احسان مہنگا پڑگیا
تھرڈ امپائر نے فیلڈ میں رکاوٹ ڈالنے پر حمزہ کو آؤٹ قرار دے دیا
انگلینڈ کی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین حمزہ شیخ وکٹ کیپر کو گیند اٹھاکر دینے پر آؤٹ ہوگئے۔
جنوبی افریقا میں جاری آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ میں ہفتہ کو زمبابوے کیخلاف میچ میں انگلینڈ کے بلے باز حمزہ شیخ عجیب و غریب انداز میں آؤٹ ہونے پر توجہ کا مرکز بن گئے۔
میچ کے 17 ویں اوور میں حمزہ شیخ نے اسٹمپ کے قریب رکنے کے بعد زمبابوے کے وکٹ کیپر ریان کامویمبا کو گیند اٹھاکر دے دی تاہم ریان کامویمبا نے احسان مند ہونے کے بجائے آئی سی سی قانون کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انکو آؤٹ دینے کی اپیل کردی۔
مزید پڑھیں: انڈر-19 ورلڈکپ؛ قومی ٹیم نے سیمی فائنل میں جگہ پکی کرلی
زمبابوے کے وکٹ کیپر کی اپیل پر امپائر نے معاملہ تھرڈ امپائر کے پاس بھیجا جس نے فیلڈ میں رکاوٹ ڈالنے پر حمزہ کو آؤٹ قرار دے دیا۔
اس پورے واقعے نے سوشل میڈیا پر کرکٹ شائقین کو بھڑکادیا یہاں تک کہ انگلینڈ کے سابق فاسٹ بولر اسٹورٹ براڈ بھی مشتعل ہوگئے۔
مزید پڑھیں: انڈر 19 ورلڈ کپ: پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 10 وکٹوں سے ہراکر تیسرا میچ بھی جیت لیا
اسٹورٹ براڈ نے ایکس پر پوسٹ میں لکھا "وہ گیند فیلڈر کو واپس دے رہا ہے، اس پر احسان کر رہا ہے، اسے آؤٹ نہیں کرسکتا۔"
بعد ازاں اس میچ میں انگلینڈ نے زمبابوے کو 146 رنز سے شکست دے دی، انگلینڈ کے 237 رنز کے تعاقب میں زمبابوین ٹیم صرف 91 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی۔