زراعت ڈیری کے شعبے میں نیدرلینڈز کی مہارت سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں وزیرخزانہ

فریقین نے باہمی تعلقات کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں شراکت داری کے نئے مواقع تلاش کرنے کی اہمیت پر اتفاق کیا


ویب ڈیسک April 03, 2024
وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے نیدرلینڈز سے دوطرفہ تعلقات کے فروغ کا بھی اظہار کیا—فوٹو: اے پی پی

وفاقی وزیرخزانہ اور ریونیو محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان زراعت، ڈیری اور زرعی پیداوار میں نیدرلینڈز کی مہارت سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے جس سے پیداوار اور برآمدات میں اضافہ ہوگا۔

وزارت خزانہ سے جاری بیان کے مطابق وزیرخزانہ محمد اورنگزیب سے پاکستان میں تعینات ہالینڈ کی سفیر ہینی ڈی رائز نے ملاقات کی، وزیر خزانہ نے نیدرلینڈز کے سفیر کا پرتپاک خیر مقدم کیا، پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان دیرینہ دوستی اور تعاون کو سراہا۔

وفاقی وزیرخزانہ نے مشترکہ اقدار و تعاون کی تاریخ پر مبنی دوطرفہ تعلقات کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

اجلاس میں حکومت پاکستان کی جانب سے معاشی ترقی کےفروغ اور مالی استحکام یقینی بنانے کے لیے نافذ کی جانے والی ڈھانچہ جاتی اصلاحات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا او محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان ٹیکنالوجی کی منتقلی میں دلچسپی رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ زراعت، ڈیری اور زرعی پیداوار میں نیدرلینڈز کی مہارت سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں، جس سے پیداوار اور برآمدات میں اضافہ ہوگا اور پاکستان کی معیشت میں بہتری آئے گی۔

نیدرلینڈز کی سفیر نے مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون مزید فروغ دینے کے عزم پر زور دیا اور انہوں نے معیشت کے اہم شعبوں میں اصلاحات کے لیے حکومت کی کوششوں کو بھی سراہا۔

سفیر نے نیدرلینڈز کی جانب سے پاکستان میں چلائے جانے والے پائلٹ منصوبوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا، جن میں مچھلی کی پیداوار، ٹیکسٹائل کی صنعتوں میں لیبر سیفٹی اور ماحولیاتی معیار یقینی بنانا اور زراعت میں پانی کے انتظام سے متعلق منصوبے شامل ہیں۔

انہوں نے ان اقدامات اور باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے نیدرلینڈز کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزارت خزانہ کے بیان میں کہا گیا کہ فریقین نے باہمی تعلقات کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں شراکت داری کے نئے مواقع تلاش کرنے کی اہمیت پر اتفاق کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں