وزیراعظم سے فلسطینی سفیر کی ملاقات حمایت پر پاکستانی قوم سے اظہار تشکر

پاکستان کا برادر ریاست فلسطین کے ساتھ تاریخی اور قریبی رشتہ ہے، ہر عالمی فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے، شہباز شریف


ویب ڈیسک April 04, 2024
وزیر اعظم نے فلسطین کے صدر ڈاکٹر محمود عباس کی جانب سے تہنیتی پیغام پر شکریہ ادا کیا (فوٹو: پی آئی ڈی)

وزیراعظم سے فلسطینی سفیر نے ملاقات کی ہے، جس میں انہوں نے فلسطینیوں کی حمایت کرنے پر پاکستانی قوم سے اظہار تشکر کیا ہے۔


ملاقات میں وزیراعظم میاں شہباز شریف نے فلسطین کی آزادی کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، معاون خصوصی طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ بھی موجود تھے۔


وزیر اعظم نے فلسطین کے صدر ڈاکٹر محمود عباس کی جانب سے تہنیتی پیغام پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کا برادر ریاست فلسطین کے ساتھ تاریخی اور قریبی رشتہ ہے۔پاکستان نے اقوام متحدہ، او آئی سی اور دیگر بین الاقوامی فورمز پر مسئلہ فلسطین کی مسلسل حمایت کی ہے۔


شہباز شریف نے فلسطینی عوام کے خلاف شروع کی جانے والی نسل کشی کی جنگ کو فوری بند کرنے کا مطالبہ دہرایا۔ انہوں نے نے اسرائیلی فورسز کی وحشیانہ کارروائیوں میں 32 ہزار سے زائد فلسطینیوں کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔


وزیراعظم نے جنوبی افریقا کی جانب سے دائر کیس میں عالمی عدالت انصاف کے عبوری فیصلے پر بھی بات کی۔ واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سے بھی آئی سی جے میں فلسطین کی حمایت کی گئی تھی۔


ملاقات میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2728 کی منظوری کا خیرمقدم کیا گیا۔ وزیراعظم نے فلسطینی سفیر کو مکمل تعاون اور یکجہتی کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ہر عالمی فورم پر آواز بلند کرتا رہے گا۔ پاکستان اب تک غزہ کے عوام کے لیے امدادی سامان کی 7 اقساط بھیج چکا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ امداد کی ایک قسط عید کے فوراً بعد بھجوانے کا بھی منصوبہ ہے۔


فلسطینی سفیر نے بھرپور حمایت کرنے پر وزیراعظم اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں