پشین سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں3 دہشت گرد ہلاک ایک زخمی حالت میں گرفتار

ہلاک اور زخمی دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدارمیں اسلحہ، گولہ باروداور دھماکاخیز مواد برآمد کرلیا گیا، آئی ایس پی آر


ویب ڈیسک April 23, 2024
سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کی—فائل: فوٹو

بلوچستان کے ضلع پشین میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 3 دہشت گرد مارے گئے جبکہ ایک دہشت گرد کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیاگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 22 اور 23 اپریل کی درمیانی شب کو سیکیورٹی فورسز نے ضلع پشین میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کی۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں 3 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ہے، گرفتار دہشت گرد کی شناخت افغان شہری کے طور پر ہوئی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کرلیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

اس سے قبل ڈپٹی کمشنر کوئٹہ جمعہ داد مندوخیل نے بتایا تھا کہ ہلاک اور زخمی دہشت گرد رسالدار لیویز حمیداللہ کی شہادت میں ملوث تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں