خیبر پختون خوا میں بارشوں سے تین روز کے دوران 10 افراد جاں بحق

ویب ڈیسک  پير 29 اپريل 2024
(فوٹو : فائل)

(فوٹو : فائل)

 پشاور: خیبر پختون خوا میں حالیہ بارشوں کے دوران حادثات کے سبب تین روز میں 10 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہوگئے۔

پی ڈی ایم اے نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ جاں بحق افراد میں 6 مرد، 2 خواتین اور 2 بچے شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں 5 مرد 2 خواتین اور سات بچے شامل ہیں، دیواریں/چھتیں اور آسمانی بجلی گرنے سے مجموعی طور پر 56 گھروں کو نقصان پہنچا جس میں 51 گھروں کو جزوی اور پانچ گھروں کو مکمل نقصان پہنچا۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق  تیز بارشوں کے باعث جانی و مالی حادثات صوبے کے مختلف اضلاع باجوڑ،سوات، مانسہرہ، بٹگرام، دیر لوئر مالاکنڈ، لکی مروت، کوہاٹ اورکزئی، شانگلہ، دیر اپر، بونیر، چترال لوئر، نوشہرہ اور مہمند میں رونما ہوئے، ضلعی انتظامیہ اور امدادی ٹیمیں متاثرہ اضلاع میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہیں۔

پی ڈی ایم اے نے کہا کہ متاثرہ اضلاع میں امدادی ٹیمیں اور متعلقہ اداروں کی جانب سے بند شاہراؤں کو کھولنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، سیاحتی مقامات پر سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور بند سٹرکوں کو فوری بحال کرنے کی ہدایت ہے۔

دریں اثنا محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ پشاور میں تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا امکان ہے، خیبر پختون خوا کے دیگر حصوں میں بھی مزید بارشیں ہوں گی جو بدھ کے روز تک وقفے وقفے سے جاری رہ سکتی ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔