کراچی سے بھارتی خفیہ ادارے را کے مزید دو تربیت یافتہ ایجنٹ گرفتار

ویب ڈیسک  جمعرات 23 مئ 2024
(فوٹو : کورنگی پولیس)

(فوٹو : کورنگی پولیس)

  کراچی: شہر قائد کے علاقے کورنگی میں حساس اداروں اور پولیس نے مشترکہ کارروائی میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کے مزید دو تربیت یافتہ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کچھ روز قبل حساس اداروں اور کورنگی پولیس نے دو بھارتی ایجنٹوں خاور حسین ولد عبدالغنی اور محمد جابر ولد مشتاق کو گرفتار کیا تھا، ان کی نشاندہی پر مشترکہ ٹیم نے را کے تربیت یافتہ ماسٹر مائنڈ شیخ محمد ایوب عرف ایوب انصاری کو ساتھی حسن رضا سمیت گرفتار کرلیا۔

بھارتی ایجنٹوں سے بارودی مواد دستی بم اور اسلحہ بھی برآمد ہوا، ان کی گرفتاری سے کراچی سے دہشت گردی کا بڑا نیٹ ورک تباہ ہوگیا، گرفتار بھارتی ایجنٹ سے ابتدائی تفتیش کے دوران انتہائی سنسنی خیز انکشافات سامنے آئے ہیں۔

ترجمان ڈسٹرکٹ کورنگی پولیس ایسٹ زون کے مطابق بھارتی ماسٹر مائنڈ ایجنٹ ایوب 1998ء سے پاکستان میں اپنی بھارتی شناخت چھپا کر مقیم ہے، یہ بھارتی شہر بمبئی میں پیدا ہوا اور اپنی ابتدائی تعلیم بھارتی شہر کھنڈالہ سے حاصل کی، ملزم نے وزٹ ویزا پر کراچی آکر غیر قانونی طور پر پاکستانی پاسپورٹ اور شناختی کارڈ حاصل کیا، ملزمان جعلی اور غیر قانونی واٹس ایپ سے رابطہ رکھتے اور ٹارگٹ کی ریکی اور ٹارگٹ کلنگ کرواتےتھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔