اسرائیل کی غزہ میں اقوام متحدہ کے اسکول پر بمباری 32 بے گھر فلسطینی شہید

اقوام متحدہ کی اسکول پر اسرائیلی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت


ویب ڈیسک June 06, 2024
اقوام متحدہ کی اسکول پر اسرائیلی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت

اسرائیل غزہ کے نصیرات پناہ گزین کیمپ کو مسلسل وحشیانہ بمباری کا نشانہ بنا رہا ہے اور آج تمام حدوں کو پار کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے ایک اسکول کو تباہ کردیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق غزہ کے اقوام متحدہ کے امدادی ادارے ''UNRWA'' کے الصردی اسکول پر اسرائیلی طیاروں نے وحشیانہ بمباری کی جہاں فلسطینی خاندانوں نے پناہ لے رکھی تھی۔

اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 32 بے گھر فلسطینی شہید اور درجن سے زائد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اقصی شہدا اسپتال منتقل کیا گیا۔

اسرائیل کی فوج نے بمباری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس کے لڑاکا طیاروں نے نصیرات کے علاقے میں UNRWA کے ایک اسکول کے اندر موجود حماس کے کمپاؤنڈز کو نشانہ بنایا۔

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ بمباری میں اُن دہشت گردوں کو ختم کر دیا جو اسرائیلی سیکیورٹی فورسز پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

دوسری جانب حماس نے اسرائیلی بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بے گھر پناہ گزینوں پر حملے کو جواز فراہم کرنے کے لیے بہانے بازی کر رہا ہے۔

الجزیرہ کے ایک صحافی نے بتایا کہ نصیرات پر تازہ ترین حملے سے قبل اسرائیلی فورسز نے بریج اور مغازی کے مہاجر کیمپوں پر حملے بھی کیے تھے جن میں محض 24 گھنٹوں میں 102 افراد شہید ہوگئے تھے۔

واضح رہے کہ غزہ پر 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 36 ہزار 500 سے تجاوز کر گئی جب کہ 83 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔ شہید اور زخمی ہونے والوں میں نصف تعداد بچوں اور خواتین کی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں