غزہ میں پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی حملے میں بھارتی میزائل استعمال ہونے کا انکشاف
حملے میں استعمال میزائل پر ’’میڈ ان انڈیا‘‘ کا لیبل نکلا،جنوری میں بھارتی دفاعی کمپنی نےاسرائیل کو اسلحہ فراہم کیا تھا
غزہ میں اقوام متحدہ پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی حملے میں بھارتی میزائلوں کے استعمال ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق غزہ پر جاری اسرائیلی جارحیت کو 244 دن گزر گئے اور معصوم فلسطینیوں پر اسرائیل کی دہشت گردی جاری ہے، غزہ پر اسرائیلی حملوں کا سب سے بڑا حامی بھارت ہے جو کہ مودی کی مسلمان دشمنی کا ثبوت ہے، فلسطین میں قائم اقوام متحدہ کے نصریت میں پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی فوج نے بہیمانہ بمباری کی جس کے نتیجے میں 40 معصوم فلسطینی شہید اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔
حملے میں اسرائیل نے بھارتی ساختہ میزائل سے پناہ گزین کیمپ کو نشانہ بنایا جو کہ میزائل پر لگے ''میڈ ان انڈیا'' لیبل سے واضح ہے۔ جنوری 2024ء میں بھارتی دفاعی کمپنی میونیشنز انڈیا لمیٹڈ کی جانب سے اسرائیل کو گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد فراہم کیا گیا۔
یہ پڑھیں : اسرائیل کی غزہ میں اقوام متحدہ کے اسکول پر بمباری، 32 بے گھر فلسطینی شہید
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی کمپنی میونیشنز انڈیا لمیٹڈ کی جانب سے اسرائیل کو ہتھیاروں کی دوسری برآمدگی بھی زیر غور ہے، رواں سال بھی اڈانی گروپ کے ڈرون بھارت سے اسرائیل بھیجے گئے تھے جو غزہ میں نہتے مسلمانوں پر استعمال کیے گئے۔
فلسطین میں بھارتی میزائلوں کا استعمال واضح کرتا ہے کہ بھارت اسرائیل کا یہ گٹھ جوڑ دنیا کو ایک خطرناک جنگ میں دھکیل رہا ہے ایسے میں غزہ سے شروع ہونے والی جنگ پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے گی جو گریٹر اسرائیل کے ایجنڈے کے لیے ناگزیر ہے، تاریخ سے ثابت ہے کہ اسرائیل کی ہر جنگ کا مقصد مسلمانوں کے مزید علاقے ہڑپ کرنا تھا، مودی کا اکھنڈ بھارت اور گریٹر اسرائیل ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔