وزیراعظم کی نوجوانوں پر مشتمل یوتھ انٹرپرینیور ایڈوائزری کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت

نوجوان کاروباری افراد ہماری معیشت اور ہمارے ملک کے مستقبل کے معمار ہیں، وزیراعظم شہباز شریف


ویب ڈیسک June 25, 2024
وزیراعظم شہباز شریف سے نوجوان کاروباری افراد نےملاقات کی—فوٹو: پی آئی ڈی

وزیراعظم شہباز شریف نے نوجوان کاروباری افراد کو ملک کی معیشت اور مستقبل کے معمار قرار دیتے ہوئے اقتصادی مشاورتی کمیٹی کی طرز پر نوجوان کاروباری افراد پر مشتمل یوتھ انٹرپرینیور ایڈوائزری کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کردی ہے۔

وزیراعظم کے دفتر سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے نوجوان انٹرپرینیورز کے وفد نے ملاقات کی، جس میں ٹیکسٹائل، تعمیرات، آئل اینڈ گیس، تعلیم، صحت، لاجسٹکس، زراعت، برآمدات اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے نوجوان کاروباری افراد شامل تھے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان کاروباری افراد ہماری معیشت اور ہمارے ملک کے مستقبل کے معمار ہیں، حکومت پاکستان کاروباری برادری کو معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے تمام تر سہولیات فراہم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی برآمدات کو عالمی سطح پر فروغ دینا ملکی معیشت کے لیے ناگزیر ہے، پاکستانی برآمدات کے فروغ کے لیے نوجوان کاروباری افراد انتہائی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت اور کاروباری برادری کے تعاون سے ملک کا مالی اور تجارتی خسارہ کم کیا جا سکتا ہے، پاکستان میں نوجوانوں کی بڑی تعداد کو باصلاحیت افرادی قوت میں تبدیل کر کے ملکی معیشت کو محرک کیا جا سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان معاشی مواقع کی فراہمی میں صنفی امتیاز ختم کرنے کے لیے کوشاں ہے، جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے زرعی اجناس کی پیداوار میں اضافہ پاکستانی برآمدات میں اضافے کے لیے اہم ثابت ہو گا۔

شہبازشریف نے کہا کہ ہم حکومت کے حجم میں کمی اور حکومتی اداروں کو مزید فعال بنانے کے لیے پر عزم ہیں، کاروباری سرگرمیوں کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا اور کاروبار دوست پالیسیاں تشکیل دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیراعظم نے ملاقات کے دوران اقتصادی مشاورتی کمیٹی کی طرز پر نوجوان کاروباری افراد پر مشتمل یوتھ انٹرپرنیور ایڈوائزری کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی اور کہا کہ چین اور پاکستان کے مابین کاروباری اشتراک کا فروع ہماری اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک-چین اقتصادی راہداری منصوبے(سی پیک) کے دوسرے مرحلے میں صنعتی ترقی کی رفتار تیز ہو جائے گی۔

نوجوان کاروباری افراد کے وفد نے ملاقات کے دوران وزیراعظم کو مختلف شعبوں میں پاکستانی کاروباری برادری کی عالمی اور ملکی سطح پر کامیابیوں اور ان کو درپیش مختلف مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا۔

وفد نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی تاریخ ساز کامیابی پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا جبکہ وزیراعظم نے پاکستان کاروباری برادری بالخصوص نوجوان کاروباری افراد کو ان کی کاوشوں پر سراہا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر تجارت جام کمال، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر توانائی اویس احمد خان لغاری، وفاقی وزیر برائے نجکاری عبد العلیم خان، چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان، وفاقی وزارتوں کے سیکریٹریز اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں