لاہور میں گھریلو ملازمہ پر تشدد کرنے والے میاں بیوی کے خلاف مقدمہ درج ملزم گرفتار

پولیس نے ملزم حسام کو گرفتار کرلیا جبکہ ان کی اہلیہ کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دی گئی ہے


ویب ڈیسک July 07, 2024
لڑکی کی والدہ نے مقدمے میں مؤقف اپنایا کہ ملزمان ان کی بیٹی کو برہنہ کرکے تشدد کرتے تھے—فوٹو: ایکسپریس

ڈیفنس بی میں 13 سالہ گھریلو ملازمہ پر چوری کے الزام میں برہنہ کرکے تشدد کرنے والے میاں بیوی کے خلاف پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم حسام کو گرفتار کرلیا۔

لاہور پولیس نے 13 سالہ گھریلو ملازمہ کی والدہ کی مدعیت میں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا اور بتایا کہ ملزمان چوری کے شبہے میں 13 سالہ لڑکی کو برہنہ کر کے تشدد کرتے رہے، جس کے نتیجے میں ان کے ہاتھ اور ناک کی ہڈیاں ٹوٹ گئی ہیں۔

لڑکی کے والدین نے بتایا کہ ملزمان ڈنڈوں اور لوہے کے راڈ سے ان کی بیٹی کو تشدد کا نشانہ بناتے رہے۔

پولیس نے گھریلو ملازمہ کو طبی معائنے ہے بعد ان کی والدہ کے حوالے کر دیا جبکہ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور محمد فیصل کامران نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی کینٹ سے رپورٹ طلب کر لی اور ان کی ہدایت پر ڈیفنس بی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم حسام کو گرفتار کرکے حوالات میں بند کردیا۔

ایس پی کینٹ کا کہنا تھا کہ متاثرہ لڑکی کی والدہ کی مدعیت میں نامزد ملزم حسام اور اس کی بیوی عمائمہ کے خلاف فوری مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ملزمہ کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دے کر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بچوں اور خواتین پر تشدد اور ہراساں کرنے والے عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں