5 منٹ پارکنگ کے اصول کیخلاف ورزی پر خاتون پر لاکھوں روپے جرمانہ
نیا اصول متعارف کرائے جانے کا مقصد راہگیروں سے ڈکیتیاں روکنا ہے
برطانیہ میں ڈارلنگٹن سے تعلق رکھنے والی ہینا رابنسن، جو باقاعدگی سے فیتھمس لیزر سینٹر میں گاڑی پارک کرتے آئی ہیں، کو 5 منٹ کے اندر ٹکٹ لینے کے اصول توڑنے پر 11،000 پاؤنڈز (30 لاکھ روپے سے زائد) جرمانہ بھرنا پڑگیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈارلنگٹن کے علاقے کاؤنٹی ڈرہم میں فیتھمس لیزر سینٹر کے پاس خاتون نے روزانہ کی بنیاد پر گاڑی پارک کرنے کے اجازت نامے کی ادائیگی بھی کی تھی تاہم حال ہی میں انتظامیہ کی جانب سے نیا اصول متعارف کروایا گیا تھا جس میں 5 منٹ کے اندر اندر پارکنگ ٹکٹ لیا جانا لازمی قرار دیا گیا تھا۔
یہ قاعدہ برطانیہ کی ایکسل پارکنگ سروسز کے ذریعے متعارف کرایا گیا تھا تاکہ ڈکیتیوں کو کم کیا جاسکے اور ڈرائیوروں کو قریبی سنیما جانے کیلئے علاقے میں مفت کار پارکنگ سے روکا جاسکے۔
پارکنگ میں داخلے کی کیمروں سے نگرانی کی جاتی ہے جو داخلے اور باہر نکلنے کے وقت کا ریکارڈ حاصل کرتے ہیں۔
2021 سے ہینا رابنسن پر 67 جرمانے عائد کیے گئے تھے جس میں ہر ایک 170 پاؤنڈ کے لگ بھگ ہے۔ خاتون کا کہنا ہے کہ وہ ہمیشہ پارک کرنے کے لیے ادائیگی کرتی ہیں لیکن اس نئے اصول کے مطابق صارفین کو آمد کے پانچ منٹ کے اندر اندر پارکنگ ٹکٹ خریدنا ہوتا ہے جو وہ اکثر نہیں لے پاتی تھیں ۔