شاہینز نے بنگلادیش اے کو دوسرے ون ڈے میں 8 وکٹوں سے ہرادیا

79 رنز کا ہدف 17ویں اوور میں محض 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا


ویب ڈیسک August 06, 2024
79 رنز کا ہدف 17ویں اوور میں محض 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا (فوٹو: پی سی بی)

پاکستان شاہینز نے بولرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت بنگلادیش اے کو دوسرے ون ڈے میں 8 وکٹوں سے شکست دیدی۔

ڈارون میں کھیلے گئے میچ میں شاہینز کے کپتان محمد حارث نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، بنگلادیش اے کی ٹیم 24.3 اوورز میں محض 78 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی۔

پاکستانی بولرز کی عمدہ بولنگ نے بنگلادیش اے کو کسی بھی موقع پر سنبھلنے کا موقع نہیں دیا اور اس کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں، کپتان محمد حارث نے وکٹ کیپنگ میں 3 کیچز تھامے۔ پرویز حسین 19 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جبکہ عمران جونیئر 3 وکٹیں حاصل کرکے کامیاب بولر رہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان شاہینز کے اسکواڈ میں 2 تبدیلیوں کا امکان

ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے 17 ویں اوور میں محض 2 وکٹوں کے نقصان پر 79 رنز بناکر دوسرے میچ میں فتح اپنے نام کی، پاکستان شاہینز کی اننگز میں صاحبزادہ فرحان بغیر کوئی رن بنائے رپون مونڈل کی گیند پر آؤٹ ہوگئے، جس کے بعد عبدالفصیح اور عثمان خان نےدوسری وکٹ کے لیے 48 رنز کا اضافہ کیا۔ عبدالفصیح 12 رنز بناکر مونڈل کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

مزید پڑھیں: پاکستان شاہینز کے کئی پلئیرز نے بڑوں کیلئے خطرے کی گھنٹی بجادی

عثمان خان نے پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 39 جبکہ طیب طاہر17 رنز بنائے۔

پاکستان شاہینز اب ٹاپ اینڈ ٹی20 سیریز میں حصہ لے گی، جس میں اس کا پہلا میچ 10 اگست کو پرتھ اسکارچرز سے ہوگا۔

دوسری جانب پہلے ون ڈے میں این ٹی اسٹرائیک کو 4 وکٹوں سے ہرایا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں