دہشت گردی کے تدارک کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا وزیراعظم کی برطانوی ہم منصب سے گفتگو

وزیراعظم شہباز شریف سے برطانیہ کے وزیراعظم کیئر اسٹارمر سے نیویارک میں ملاقات کی


ویب ڈیسک September 26, 2024
برطانیہ کے وزیراعظم کیئر اسٹارمر اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ملاقات ہوئی—فوٹو: پی آئی ڈی

وزیراعظم شہبازشریف نے برطانوی ہم منصب کیئر اسٹارمر سے تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ پر اتفاق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ ہے جس کے تدارک کے لیےعالمی برادری کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

اسلام آباد میں وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیر اعظم کی نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79 ویں اجلاس کے موقع پر برطانیہ کے وزیراعظم کیئر اسٹارمر سے ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے مابین دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی اور دونوں رہنماؤں کے مابین پاک-برطانیہ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور مختلف شعبوں بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر اتفاق ہوا۔

دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کے درمیان پاکستان کی معاشی صورت حال پر بھی گفتگو ہوئی اور وزیراعظم شہباز شریف نے معاشی استحکام کے بعد ملکی معیشت کی ترقی کے لیے حکومت کے اقدامات بالخصوص فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی اصلاحات اور ٹیکس بیس میں اضافے پر روشنی ڈالی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ملاقات میں موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے پاکستان کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا، وزیراعظم نے پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ ہے جس کے تدارک کے لیےعالمی برادری کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

انہوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے برطانیہ کے تیسرے بڑے ملک کا ذکر کرتے ہوئے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اور منصوبوں پر روشنی ڈالی۔

برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کے دونوں ممالک کی ترقی میں اہم کردار کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے دونوں ممالک کے عوامی روابط کے فروغ اور تبادلوں سے باہمی طور پر مفید ترقی کے اہداف کا حصول کے عزم کا اعادہ کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے