دنیاترقی کرکے کہاں سے کہاں پہنچ گئی لیکن ہمیں دھرنوں کےعلاوہ سیاست نہیں آتی، وزیراعظم

ویب ڈیسک  جمعرات 11 ستمبر 2014

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کیلئے سبسکرائب کریں

مظفر آباد: وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک منفی سیاست کا متحمل نہیں ہوسکتا دنیا ترقی کرتے کرتے کہاں سے کہاں پہنچ گئی ہے لیکن ہمیں دھرنوں کے علاوہ کوئی سیاست نہیں آتی۔ 

آزاد کشمیر کے علاقے فارورڈ کہوٹہ اور حویلی میں سیلاب متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ حالیہ سیلاب اس قدر ناگہانی تھا کہ پاکستانی حکام کو اس سے بچاؤ کی مہلت ہی نہ ملی، وہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان اورآزاد کشمیر کوایک دوسرے کے مزید قریب آنا چاہیے، دھرنوں سے فرصت ملتے ہی آزاد کشمیر کی ترقی پر پوری توجہ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگانے کے بعد وہ خود چل کر آزاد کشمیر آئیں گے، کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ سندھ، پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی طرح آزاد کشمیر سے متعلق فیصلے بھی اسلام آباد کے بجائے وہیں ہونے چاہئیں۔ اس خوبصورت علاقے کو ایک مثالی خطہ بننا چاہئے،یہاں صنعتیں لگیں، زراعت اور سیاحت کو فروغ ملے۔

وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ہماری ترقی میں کوئی رکاوٹ نہ آئے،ملک میں مثبت سیاست ہونی چاہیے کیونکہ پاکستان منفی سیاست کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ دنیا کہاں سے کہاں پہنچ گئی ہے لیکن ہمیں دھرنوں کے علاوہ کوئی سیاست نہیں آتی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔