ایف آئی اے کے کرپٹ اہلکاروں کی فہرست مرتب کرنے کاآغاز

محمد یعقوب ملک  جمعـء 22 مئ 2015
 ایف آئی اے اوروزارت داخلہ کے حکام پرمشتمل اعلیٰ اختیاراتی مشترکہ کمیٹی کے قیام پربھی غورکیا جارہا ہے جوکرپٹ حکام کی نشاندہی کرے گی، زرائع فوٹو: فائل

ایف آئی اے اوروزارت داخلہ کے حکام پرمشتمل اعلیٰ اختیاراتی مشترکہ کمیٹی کے قیام پربھی غورکیا جارہا ہے جوکرپٹ حکام کی نشاندہی کرے گی، زرائع فوٹو: فائل

اسلام آباد: وزیرداخلہ چوہدری نثارکی ہدایات پروفاقی تحقیقاتی ادارے(ایف آئی اے)نے گڈگورننس اور کرپشن فری ماحول کویقینی بنانے کے لیے ادارے کے مبینہ طورپر کرپشن میں ملوث اوربدنام اہلکاروں کی فہرست مرتب کرنے کی مہم تیز کردی ہے۔

ذرائع نے بتایاکہ اس سلسلے میں ایف آئی اے اوروزارت داخلہ کے حکام پرمشتمل اعلیٰ اختیاراتی مشترکہ کمیٹی کے قیام پربھی غورکیا جارہا ہے جوکرپٹ حکام کی نشاندہی کرے گی اوران کے خلاف کارروائی کے لیے سفارشات پیش کرے گی تاہم یہ کام پوراکرنا آسان نہیں کیونکہ اس سلسلے میں ماضی میں کی جانے والی ایک کوشش ناکام رہی تھی اورمہم اپنے مقاصد حاصل نہیں کرسکی تھی۔

اس وقت ایف آئی اے نے ملک بھرمیں تعینات اپنے 62 اہلکاروں کی فہرست تیارکی تھی جوکرپشن میں ملوث تھے تاہم ان کیخلاف کارروائی نہیں کی جاسکی تھی اوریہ فائل دبادی گئی تھی۔ ذرائع نے بتایاکہ ایف آئی اے نے ادارے کے اہل کاروں کے خلاف غلط طرزعمل اختیارکرنے اور اختیارات کے غلط استعمال کے الزامات کے بارے میں نامکمل انکوائریوں کوبھی جلدمکمل کرنے کی کارروائی شروع کردی ہے اوراب تک 40اہلکاروں کوملازمت سے برطرف جبکہ 50کو معطل کیاجا چکاہے۔ایف آئی اے کے سینئراہلکار نے نام ظاہرنہ کرنے کی شرط پرتصدیق کی کہ ادارے کوکرپٹ عناصرسے پاک کرنے اورادارے کی کارکردگی میں بہتری کے لیے اقدام کیے جارہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔