افغٖانستان میں گیس سلنڈر کے دھماکے سے 10 بچوں سمیت 11 افراد ہلاک

اے پی  منگل 25 اگست 2015
افغانستان میں گھریلو ضروریات کے لیے قدرتی گیس کے سلینڈر کا استعمال عام ہے فوٹو: فائل

افغانستان میں گھریلو ضروریات کے لیے قدرتی گیس کے سلینڈر کا استعمال عام ہے فوٹو: فائل

کابل: افغانستان کے صوبہ ہرات میں گیس سلینڈروں کی ترسیل کے دوران دھماکے کے نتیجے میں 10 بچوں سمیت 11 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق افغان صوبے ہرات میں گیس سیلنڈرزسے بھرے ٹرک میں اس وقت دھماکا ہوا جب ٹرک ایک کچی بستی سے گزررہا تھا، دھماکا اس قدرشدید تھا کہ ٹرک میں آگ لگ گئی اوروہ کچی بستیوں میں موجود کیمپوں پرجاگرا،حادثے کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کو فوری طورپرمقامی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے 11 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی، ہلاک ہونے والوں میں 10 بچے ہیں۔

اسپتال کے ترجمان رفیق شیرازی کا کہنا ہے کہ اس اندوہناک حادثے میں 18 افراد زخمی بھی ہوئے جن میں سے 4 کے جسم کا 90 فیصد حصہ جھلس چکا تھا ،چاروں کو علاج کے لئے ایران لے جایا گیا ہے جبکہ دیگرزخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

افغانستان میں گھریلو ضروریات کے لیے قدرتی گیس کے سلینڈر کا استعمال عام ہے لیکن ان سے حادثے عام نہیں اور اس واقعے کو غیرمعمولی قرار دیا جارہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔