متحدہ عرب امارات کا دنیا کی نئی بلند ترین عمارت بنانے کا اعلان

این این آئی  بدھ 12 اکتوبر 2016
بلند ترین عمارت کی تعمیر کا مقصد مستقبل میں مختلف شعبوں میں زیادہ جدت لانا ہے،حاکم دبئی الشیخ محمد بن راشد۔ فوٹو: فائل

بلند ترین عمارت کی تعمیر کا مقصد مستقبل میں مختلف شعبوں میں زیادہ جدت لانا ہے،حاکم دبئی الشیخ محمد بن راشد۔ فوٹو: فائل

دبئی: متحدہ عرب امارات کے بین الاقوامی سیاحتی وتجارتی مرکزدبئی پہلے 828 میٹر بلند ’برج الخلیفہ‘ جیسی دنیا کی بلند ترین عمارت کا عالمی ریکارڈ رکھتا ہے مگر دبئی نے برج الخلیفہ سے بھی بلندتر عمارت کی تعمیر کا فیصلہ کر کے فلک بوس عمارتوں کی تعمیرمیں ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

عرب ٹی وی کے مطابق العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق برج الخلیفہ سے بلند تر عمارت کو’برج خور دبئی‘ کا نام دیا گیاہے۔دبئی کے گورنر الشیخ محمدبن راشد آل مکتوم نے نئے بلند ترین برج کا افتتاح کیا ہے جسے2020میں پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا،’برج خور دبئی‘ اب تک کی دنیا کی بلندترین عمارت برج الخلیفہ سے کئی حوالوں سے مختلف ہوگا۔

بلندی میں برج الخلیفہ سے اونچا ہونے کے ساتھ اس میں کئی لگژری اپارٹمنٹس، ایک بڑا لگڑری کانفرنس ہال، ایک بڑا ہوٹل، پارکنگ، باغیچوں اور جدید ترین سہولیات سے آراستہ حوض اس کی پہچان ہوں گے۔نئے برج کی افتتاح تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حاکم دبئی الشیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے کہا کہ نئی بلند ترین عمارت کی تعمیر کا مقصد مستقبل میں مختلف شعبوں میں زیادہ جدت لانا اور معاصر سہولیات سے آراستہ ماحول فراہم کرنا ہے۔

خیال رہے کہ رواں سال اپریل میں ’اعمار پراپرٹیز‘ نامی تعمیراتی فرم نے انکشاف کیا تھا کہ دبئی میں ایک نئی بلند ترین عمارت کی تعمیر کا کام جلد شروع ہوگا جس پر ایک ارب ڈالر سے زیادہ کی رقم خرچ کی جائے گی۔ اس کا افتتاح سنہ 2020میں ایکسپو نمائش کے موقع پر کیا جائے گا۔

توقع ہے کہ لاکھوں لوگ اس کی سیر میں دلچسپی لیں گے۔خیال رہے کہ 828میٹر بلند برج الخلیفہ کی تعمیر جنوری 2010میں مکمل ہوئی تھی جس ڈیڈھ ارب ڈالر خرچ ہوئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔