پاکستان نے اب تک 26افغان طالبان رہا کیے، دفتر خارجہ

آئی این پی  ہفتہ 5 جنوری 2013
وزارت انسانی حقوق نے ڈرون حملوں کیخلاف اقوام متحدہ میں جانے کیلیے رابطہ نہیں کیا،صدرمملکت کے دورہ بھارت کاعلم نہیں فوٹو: فائل

وزارت انسانی حقوق نے ڈرون حملوں کیخلاف اقوام متحدہ میں جانے کیلیے رابطہ نہیں کیا،صدرمملکت کے دورہ بھارت کاعلم نہیں فوٹو: فائل

اسلام آباد: دفترخارجہ کے ترجمان معظم احمد خان نے کہاہے کہ اب تک26افغان طالبان رہنمائوں کورہا کیا گیا۔

ملا نذیرکی ڈرون حملے میں ہلاکت کی خبرمیڈیا میں دیکھی ہے تاہم وہ اس خبرکی تصدیق نہیں کرسکتے،ڈرون حملوں پر ہمارا موقف واضح ہے پاکستان ڈرون حملوں کے خلاف ہے جوغیرقانونی ہیں،ملالہ کے والد کوبرطانیہ کے پاکستانی ہائی کمیشن میں ایجوکیشن اتاشی تعینات کیا گیا ہے، وزیرخارجہ حناربانی کھر نے سعودی عرب کا کامیاب دورہ کیا، پاکستان افغان مفاہمتی عمل کا حامی ہے،رواں ماہ کابل میں علما کانفرنس متوقع ہے پاکستان اس حوالے سے تیاری کررہاہے،پاکستان کے راستے امریکی اسلحہ کی افغانستان بھیجنے کی اجازت دینے کا علم نہیں ۔جمعے کو یہاں دفترخارجہ میں ہفتہ وارپریس بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ ڈرون حملے ملکی سالمیت کے خلاف ، ناقابل قبول اورغیر قانونی ہیں،وزارت انسانی حقوق نے ڈرون حملوں کے خلاف اقوام متحدہ میں جانے کے لیے رابطہ نہیںکیا۔

12

کابینہ نے بھارت کوتجارت کے لحاظ سے پسندیدہ ترین ملک قراردینے کا جائزہ لیا ہے اور اداروں کوکابینہ کے فیصلے پرجلد از جلد عملدرآمد کی ہدایت کی ہے۔ انھوںنے کہا کہ صدرمملکت کے دورہ بھارت کا علم نہیں۔ افغان صدرکرزئی کودورہ پاکستان کی دعوت دی ہوئی ہے تاہم اس کا شیڈول طے نہیں ہوا۔ ترجمان نے کہا کہ علما کانفرنس کا انعقاد جنوری میں افغانستان میں ہوتا ہے اس حوالے سے افغان حکام سے رابطے میں ہیں۔ تاریخ طے ہونے کے بعد پاکستان سے وفد افغانستان بھیجا جائے گا۔ ترجمان نے کہا کہ ایران کا معاملہ پرامن طریقے سے حل ہونا چاہیے۔ اس حوالے سے میکنزم طے ہے ۔جس میں دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔دونوں ملکوں نے افغانستان میں امن کو خطے میں امن کو ضروری قرار دیا ہے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔